کراچی؛ نویں جماعت کے طالبعلم نے مالی پریشانیوں سے تنگ آکر خودکشی کر لی

طالبعلم رافع کی امتحانی فیس بھی جمع نہیں کی جا سکی اور چند ماہ سے فلیٹ کا کرایہ بھی ادا نہیں کیا گیا تھا

کراچی:شریف آباد میں نویں جماعت کے طالبعلم نے مالی پریشانیوں سے دلبرداشتہ ہوکر گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔
اس حوالے سے ہیڈ محرر شریف آباد اے ایس آئی عمران لودھی نے بتایا کہ شریف آباد کے علاقے لیاقت آباد الاقصیٰ مسجد کے قریب فلیٹ سے نوجوان کی گلے میں پھندا لگی ہوئی لاش ملی جسے ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید ہسپتال لیجایا گیا جہاں اس کی شناخت 17 سالہ رافع کے نام سے کی گئی۔متوفی کا والد محکمہ تعلیم میں ملازمت کرتا ہے جبکہ والد اور والدہ کے درمیان کچھ عرصہ قبل علیحدگی ہوگئی تھی ، رافع نویں جماعت کا طلب علم اور اپنے والد کے ہمراہ رہائش پذیر تھا۔انھوں نے مزید بتایا کہ باپ اور بیٹا گزشتہ ڈیڑھ سال سے کرائے کے فلیٹ میں رہائش پذیر ہیں اور مکینوں نے بتایا ہے کہ تنخواہ نہ ملنے پر ان کے مالی حالات ٹھیک نہیں تھے جس کی وجہ سے نویں جماعت میں زیر تعلیم رافع کی امتحانی فیس بھی جمع نہیں کی جا سکی جبکہ چند ماہ سے فلیٹ کا کرایہ بھی ادا نہیں کیا گیا تھا۔اسی مالی پریشانیوں سے دلبرداشتہ ہو کر رافع نے گلے میں رسی کا پھندا لگا کر خودکشی کرلی تاہم اس حوالے سے پولیس واقعے کی مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں