برطانیہ میں سمندری طوفان ’برٹ‘ نے تباہی مچادی، ہر چیز تہس نہس
پروازیں اور ٹرینیں منسوخ، ٹرانسپورٹ کا نظام معطل، انٹرنیٹ منقطع اور لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں
لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ میں سمندری طوفان ’برٹ‘ نے تباہی مچادی، طوفان نے اپنے راستے میں آنے والی ہر شے کو تہس نہس کر کے رکھ دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سمندری طوفان برٹ برطانیہ کے ساحل سے ٹکرا گیا جس سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا اور شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔سمندری طوفان کی 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے ہورڈنگز اڑا دیئے اور درخت جڑ سے اکھڑ گئے، پروازیں اور ٹرینیں منسوخ، ٹرانسپورٹ کا نظام معطل، انٹرنیٹ منقطع اور لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔سمندری طوفان کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا، کچھ علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، مزید تین روز تک موسم خراب رہے گا۔لینڈ سلائیڈنگ سمیت مختلف واقعات میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں، شہریوں کو بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے، سمندری طوفان برٹ کے اثرات آئرلینڈ اور فرانس میں بھی دیکھے گئے ہیں جہاں برف باری، بارش اور تیز ہواؤں کے جھکڑ سے موسم سرد ہو گیا۔