مرکزی حکومت نئی معاشی رفتار کے فروغ میں ہانگ کانگ کی مکمل حمایت کرتی ہے،چینی صدر
چینی صدر شی جن پھنگ سرکاری دورے پر آئے ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطے(ایچ کے ایس اے آر) کے چیف ایگزیکٹو جان لی سے مصافحہ کرتے ہوئے-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ مرکزی انتظامیہ قومی حکمت عملیوں سے ہم آہنگ ہونے اور معاشی ترقی کے لئے نئی رفتار اور فوائد کو فروغ دینے کی خاطر ہانگ کانگ کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
بیجنگ کے سرکاری دورے پر آئے ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے(ایچ کےایس اے آر) کے چیف ایگزیکٹو جان لی نے شی جن پھنگ سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ہانگ کانگ کی موجودہ صورتحال اور ایچ کےایس اے آر حکومت کے کام کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔شی نے ہانگ کانگ کو دستیاب نئے ترقیاتی مواقع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی انتظامیہ ’’ایک ملک دو نظاموں‘‘ کی حکمت عملی پر مکمل،بھرپور اور درست طریقے سے عملدرآمد کرے گی۔اصلاحات اور ترقی کو آگے بڑھانے اور جدت اور تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ کی غرض سےمعاشرے کے تمام شعبوں کو متحد کرنے اور ان کی رہنمائی کے لئے چیف ایگزیکٹو اور ایچ کے ایس اے آر کی حکومت کی مکمل حمایت کی جائے گی۔گزشتہ سال لی کے کام کو سراہتے ہوئے شی نے کہا کہ لی نے ذمہ داریاں نبھانے اور ٹھوس نتائج دینے میں ایچ کے ایس اے آر حکومت کی قیادت کی۔مرکزی انتظامیہ لی اور ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے کی حکومت کے کام کی مکمل توثیق کرتی ہے۔ملاقات میں لی چھیانگ،کائی چھی اور ڈنگ شوئے شیانگ سمیت سینئر حکام بھی شریک تھے۔