ملک میں ہمیں ایک دوسرے کا نقطہ نظر سمجھنے کی ضرورت ہے: قمر زمان کائرہ
ہمیں اپنے درمیان حائل نفرت کی دیواریں ختم کرنی ہیں، ہمیں سراب دکھانے والوں کی تقلید کرنے سے بچنا ہو گا
لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ملک میں ہمیں ایک دوسرے کا نقطہ نظر سمجھنے کی ضرورت ہے۔
پنجاب یونیورسٹی لاہور میں تقریب سے خطاب میں قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لا سکتے ہیں، مسلم امہ صدیوں سے محکوم ہے، ہمیں جاگنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اگلے جہاں کے احتسابی عمل کےلیے خود کو تیار کرنا ہے، ہمیں اپنے درمیان حائل نفرت کی دیواریں ختم کرنی ہیں، ہمیں سراب دکھانے والوں کی تقلید کرنے سے بچنا ہو گا، بدقسمتی سے ملک نے بہت سے مارشل لاء دیکھے۔پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ملک میں یک جماعتی نظام لانے کی کوشش بھی کی گئی، پاکستان کو ایک جمہوری ملک بنایا گیا تھا، ریاست جمہوریت کے مطابق ہی چلانی ہے۔قمر زمان کائرہ نے مزید یہ بھی کہا کہ ملک میں مدینے کی ریاست بنانے کا دعویٰ کرنے والے بھی آئے تھے، ہمیں ایک دوسرے کا نکتہ نظر سمجھنے کی ضرورت ہے، ہم اپنا نظریہ دوسرے پر تھوپ نہیں سکتے، ملک ایک دوسرے کو برداشت کرنے سے چلتے ہیں عدم برداشت سے نہیں۔