ذوالفقار بھٹو کیس: فیئر ٹرائل کے تقاضوں کو پورا نہیں کیا گیا: چیف جسٹس کا اضافی نوٹ

اس وقت کی غیر معمولی سیاسی فضا میں دباؤ نے انصاف کے عمل کو متاثر کیا،یہ سب عدالتی آزادی کے نظریات سے متصادم تھا

اسلام آباد: (جاگیرنیوز) ذوالفقار علی بھٹو کیس میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے اضافی نوٹ جاری کر دیا۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے قتل کے مقدمے میں صدارتی ریفرنس پر 5 صفحات پر مشتمل اضافی نوٹ جاری کیا۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے اضافی نوٹ میں لکھا ہے کہ مجھے سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سمیت دیگر ججز کے نوٹس پڑھنے کا اتفاق ہوا، جسٹس منصور کے نوٹ سے ایک حد تک اتفاق کرتا ہوں، ریفرنس میں دی گئی رائے میں کیس کے میرٹس پر کسی حد تک بات کی گئی ہے۔جسٹس یحییٰ آفریدی نے نوٹ میں مزید کہا ہے کہ آرٹیکل 186 کے تحت سپریم کورٹ صرف ایڈوائزری دائرہ اختیار رکھتی ہے تاہم فیئر ٹرائل کے سوال پر فیصلے کے پیراگراف سے اتفاق کرتا ہوں، اس نتیجہ پرپہنچا ہوں کہ ذوالفقار بھٹو کیس میں ٹرائل کورٹ اور اپیلیٹ عدالت کی جانب سے فیئر ٹرائل کے تقاضوں کو پورا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ ریفرنس شاید ہمارے سامنے نہ آتا مگر کچھ واقعات اس کا موجب بنے، جسٹس نسیم حسن شاہ کے انٹرویو کے کچھ نکات کو ایڈریس کرنا ضروری ہے، اس وقت کی غیر معمولی سیاسی فضا میں دباؤ نے انصاف کے عمل کو متاثر کیا۔نوٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ سب عدالتی آزادی کے نظریات سے متصادم تھا، آئینی طرز حکمرانی سے انحراف سیاسی مقدمات میں عدالتی کارروائیوں پر غیر ضروری اثر ڈالتا ہے۔چیف جسٹس نے نوٹ میں مزید لکھا ہے کہ ایسے حالات میں جسٹس دراب پٹیل، جسٹس محمد حلیم اور جسٹس صفدر شاہ نے جرات مندانہ اختلاف کیا، ان ججز کا اختلاف بھلے نتائج کو تبدیل کرنے میں ناکام رہا مگر غیر جانبداری کے پائیدار اصولوں کا ثبوت ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں