نیشنل فرانزک ایجنسی بل 2024ء سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی سے بھی منظور
سینیٹ سے نیشنل فرانزک بل 2024ء منظور ہو کر آیا ہے، بل اچھا ہے مگر کچھ کمی پھر بھی رہ گئی ہے،شازیہ مری
اسلام آباد: (جاگیر نیوز) سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی نے بھی نیشنل فرانزک ایجنسی بل 2024ء منظور کر لیا۔
قومی اسمبلی کا آج اجلاس منعقد ہوا جس میں قومی فرانزک ایجنسی بل 2024ء سینیٹ سے منظوری کے بعد ایوان میں پیش کیا گیا، بل وزیر داخلہ محسن نقوی نے پیش کیا۔پیپلز پارٹی کی رکن شازیہ مری نے کہا کہ سینیٹ سے نیشنل فرانزک بل 2024ء منظور ہو کر آیا ہے، بل اچھا ہے مگر کچھ کمی پھر بھی رہ گئی ہے، اس بل میں لوگوں کو جیلوں میں ڈالنے کا راستہ بہت زیادہ کھول دیا ہے، بل میں سرکاری افسر کو جانتے بوجھتے غلط استعمال پر ایک لاکھ روپے جرمانہ اور ایک سال قید رکھی گئی ہے، جانتے بوجھتے بھی سرکاری افسر کو اتنی کم سزا نہیں ہونی چاہیے، جرمانہ 10 لاکھ تو ہونا چاہیے۔انہوں ںے کہا کہ اس بل میں ایک جگہ پر وزیر اعظم کا لفظ ہے باقی جگہوں پر وزیراعظم کا لفظ استعمال نہیں کیا گیا، اس سے آگے جا کر مسائل پیدا ہوں گے، اگر آفیشل غلطی کرتا ہے تو جرمانہ صرف ایک لاکھ ہوگا اس جرمانے کی حد کو 5 لاکھ تک کرنا چاہیے۔وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ فرانزک سائنس تکنیک کا ہونا بہت ضروری ہے، فرانزک سائنس لیبارٹری کی سہولت اسلام آباد میں ہو گی، شازیہ مری کی ترامیم آج ڈراپ کردیں یا وہ واپس لے لیں، آج بل منظور ہونے دیں جو کچھ کمی ہو گی بعد میں شازیہ مری ترامیم لے آئیں حکومت مخالفت نہیں کرے گی۔بعد ازاں قومی اسمبلی نے نیشنل فرانزک ایجنسی بل 2024 منظور کرلیا۔