چین نے ویزے کے بغیر مختصر قیام میں 240 گھنٹے تک توسیع کر دی

بیجنگ(شِنہوا)چین نے ویزے کے بغیر مختصر قیام کے حوالے سے اپنی پالیسی میں نمایاں نرمی کا اعلان کیا ہے جس میں اہل غیر ملکی مسافروں کے قیام کا دورانیہ 72 اور 144 گھنٹے سے بڑھا کر 240 گھنٹے یا 10 دن کردیا گیا ہے۔
قومی امیگریشن انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس رعایت کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ مزید 21 اضافی بندرگاہوں کو ویزے کے بغیر داخلے اور اخراج کے لئے نامزد کیا گیا ہے اور جن علاقوں میں مسافر مختصر قیام کرسکتے ہیں ان میں بھی توسیع کردی گئی ہے۔تازہ ترین پالیسی کے تحت روس، برازیل، برطانیہ، امریکہ اور کینیڈا سمیت 54 ممالک کے اہل شہری کسی تیسرے ملک یا علاقے میں جاتے ہوئے مختصر قیام کےلئے ویزے کے بغیر چین میں داخل ہوسکتے ہیں۔یہ مسافر اب 24 صوبوں، خطوں اورشہروں کے 60 بندرگاہوں میں سے کسی کے ذریعے داخل ہوسکتے ہیں اور 240 گھنٹے تک مقررہ علاقوں میں رہ سکتے ہیں۔پالیسی ردوبدل کی ایک قابل ذکر خاصیت بین العلاقائی سفر کو متعارف کرانا ہے جو غیر ملکی سیاحوں کو 10 روزہ قیام کے دوران 24 مخصوص صوبائی سطح کے علاقوں میں آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دیتا ہے۔چین نے جنوری سے نومبر 2024 کے درمیان تقریباً 2کروڑ 92لاکھ 20ہزار غیر ملکیوں کے دورے ریکارڈ کئے جو گزشتہ سال کےمقابلے میں86.2 فیصد زیادہ ہیں۔ ان میں سے ایک کروڑ 74 لاکھ 50 ہزار افراد ویزا کے بغیر ملک میں داخل ہوئے جو گزشتہ سال کےمقابلے میں 123.3 فیصد اضافہ ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں