پی ٹی آئی غیرملکی طاقتوں کیساتھ مل کرملک میں عدم استحکام چاہتی ہے: حنیف عباسی
کیلیفورنیا منصوبے کے تحت پی ٹی آئی کو پاکستان کا نیوکلیئر پلان رول بیک کرنے کا ٹاسک دیا
اسلام آباد: (جاگیرنیوز) رہنما مسلم لیگ (ن)حنیف عباسی نے کہا کہ پی ٹی آئی غیرملکی طاقتوں کے ساتھ مل کر ملک میں عدم استحکام چاہتی ہے، پی ٹی آئی کی سیاست فساد اور انتشار پر مبنی ہے۔
پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ پی ٹی آئی والے اب مذاکرات کی بات کر رہے ہیں، مذاکرات سے پہلے پی ٹی آئی والے اپنے کیے پر معافی مانگیں، پاکستان کے خلاف امریکا میں لابنگ فرم بنائی گئی، ایٹمی طاقت ہونے کی وجہ سے پاکستان کا دفاع مضبوط ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اصل چہرہ دکھانا ضروری سمجھتا ہوں، بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے، کیلیفورنیا 2023ء کے منصوبے کے مطابق اداروں کے خلاف تنقید کی جا رہی ہے، پی ٹی آئی والے حکومت جانے کے بعد امریکہ سے واپسی کی بھیک مانگ رہے ہیں۔حنیف عباسی نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے دس لابنگ فرمز ہائر کیں، 150 امریکی کانگریس کو خطوط لکھے گئے، نیوکلیئر پروگرام پر آج تک کسی نے کمپرومائز نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ کیلیفورنیا منصوبے کے تحت پی ٹی آئی کو کہا گیا کہ انہیں حکومت میں لایا جائے گا، کیلیفورنیا منصوبے کے تحت پی ٹی آئی کو پاکستان کا نیوکلیئر پلان رول بیک کرنے کا ٹاسک دیا، آج ہماری سرحدیں نیوکلیئر پروگرام کی وجہ سے محفوظ ہیں۔رہنما ن لیگ نے بتایا کہ اسمبلی میں بیٹھے پی ٹی آئی کارکنوں کو نہیں معلوم کہ بانی کے تانے بانے کہاں سے ہلائے جا رہے ہیں، ہم اپنے نیوکلیئر پروگرام پر کمپرومائز نہیں کریں گے، جیسے فتنہ الخوارج کا خاتمہ کیا ایسے فتنہ سیاست کا بھی خاتمہ کریں گے۔حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام محفوظ ہاتھوں میں ہے، سب سے پہلے ریاست ہے پھر سیاست، بندوق کی نالی پر ریاست کسی صورت مذاکرات نہیں کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کو پلاننگ کے تحت حملے کئے گئے، اسلام آباد میں رینجرز کے اہلکاروں کو شہید کیا گیا، خیبرپختونخوا کے وسائل کے ساتھ اسلام آباد پر حملہ کیا گیا۔