سابق صوبائی وزیر بشیر احمد بلور کی 12 ویں برسی منائی جا رہی ہے
بشیر احمد بلور 22 دسمبر 2012ء کی رات ڈھکی نعل بندی میں خودکش حملے کا نشانہ بنے
پشاور: (جاگیر نیوز) سابق سینئر صوبائی وزیر اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما بشیر احمد بلور کی 12 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔
بشیر احمد بلور نے 1970ء میں سیاسی زندگی کا آغاز عوامی نیشنل پارٹی سے کیا، اسی جماعت کے ٹکٹ سے وہ مسلسل پانچ بار ایم پی اے منتخب ہوئے، وہ پشاور کے تمام طبقوں میں مقبولیت رکھتے تھے اس کے باوجود ذاتی زندگی میں بشیر احمد بلور انتہائی سادہ مزاج تھے۔بشیر احمد بلور نے شدت پسندی کے خلاف توانا آواز بلند کی، اس وقت دہشت گردوں کی کارروائیاں جا رہی تھیں اور انہیں دہشت گردوں کی جانب سے کئی بار دھمکیاں ملیں جبکہ خودکش حملے بھی ہوئے لیکن انہوں نے جواں مردی سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا۔بشیر احمد بلور 22 دسمبر 2012ء کی رات ڈھکی نعل بندی میں خودکش حملے کا نشانہ بنے جس میں ان کے پرسنل سیکرٹری نور بابو سمیت 9 افراد جاں بحق ہوئے۔12 سال گزرنے کے بعد بھی مرحوم بشیر احمد بلور کی قربانیوں کو یاد کیا جاتا ہے، قیام امن کیلئے اور دہشت گردی کے خلاف بشیر بلور نے جو قربانیاں دیں انہیں ’’شہید امن‘‘ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔یاد رہے کہ بشیر احمد بلور کے بیٹے ہارون بلور بھی 2013ء کی انتخابی مہم کے دوران خودکش حملے میں جاں بحق ہوئے تھے۔