سال 2024ء: وفاقی حکومت کے قرضوں میں 3 ہزار 919 ارب روپے کا اضافہ
وفاقی حکومت کے مقامی قرضوں میں 4 ہزار 632 ارب روپے کا اضافہ،غیر ملکی قرضوں میں 710 ارب روپے کی کمی بھی ہوئی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سال 2024ء میں وفاقی حکومت کے قرضوں میں مجموعی طور پر 3 ہزار 919 ارب روپے کا اضافہ ہوا جبکہ مرکزی حکومت کے غیر ملکی قرضوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی دستاویز کے مطابق 2024ء میں وفاقی حکومت کے مقامی قرضوں میں 4 ہزار 632 ارب روپے کا اضافہ ہوا تاہم مرکزی حکومت کےغیر ملکی قرضوں میں 710 ارب روپے کی کمی بھی ہوئی۔اکتوبر 2024ء تک کے دستیاب سرکاری ڈیٹا کے مطابق حکومتی قرضہ 69 ہزار 114 ارب روپے رہا تاہم نومبر اور دسمبر 2024ء کے دو مہینوں کے حکومتی قرضوں کا ڈیٹا ابھی آنا باقی ہے، اکتوبر 2024ء تک وفاقی حکومت کا مقامی قرضہ 47 ہزار 231 ارب روپے اور وفاقی حکومت کا غیر ملکی قرضہ 21 ہزار 884 ارب روپے تھا۔سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق دسمبر 2023ء میں وفاقی حکومت کے قرضوں کا حجم 65 ہزار 195 ارب روپے تھا جس میں وفاقی حکومت کا مقامی قرضہ 42 ہزار 595 ارب روپے اور غیرملکی قرضہ 22 ہزار 600 ارب روپے تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے شہباز حکومت کے ابتدائی 8 ماہ میں قرضوں میں اضافے کی تفصیلات سامنے آئی تھی، رپورٹ کے مطابق مارچ سے اکتوبر 2024 تک وفاقی حکومت کے قرضے میں 4 ہزار 304 ارب روپے کا اضافہ ہوا تھا۔واضح رہے کہ شہباز حکومت کے پہلے 8 ماہ میں قرضوں میں یہ اضافہ نگران حکومت کے بعد ہوا تھا، نگران دور کے 6 ماہ میں یعنی ستمبر 2023ء سے فروری 2024ء کے دوران وفاقی حکومت کا قرضہ 840 ارب روپے بڑھا تھا۔دستاویز کے مطابق فروری 2024ء یعنی نگران دور کے آخری مہینے میں وفاقی حکومت کا قرضہ 64 ہزار 810 ارب روپے تھا اور اگست 2023ء میں وفاقی حکومت کا قرضہ 63 ہزار 970 ارب روپے تھا۔