چین کم آمدنی والے رہائشیوں کی شناخت کے لئے معیاری رہنما اصول متعارف کرائے گا

بیجنگ(شِنہوا)چین کی وزارت شہری امور نے کہا ہے کہ چین 2025ء تک کم آمدنی والے رہائشیوں کی شناخت اور کم آمدنی والے گھرانوں کے معاشی حالات کی تصدیق کے لئے معیاری رہنما اصول متعارف کرائےگا۔
شہری امور سے متعلق بیجنگ میں منعقدہ قومی کانفرنس میں وزارت کے ایک بیان کے مطابق نئی ہدایات ملک کے سماجی امداد کے نظام کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔انتظامی لائحہ عمل بڑھانے کے علاوہ وزارت کم از کم رہائشی الاؤنس حاصل کرنے کی سطح کے قریب گھرانوں کے ساتھ ساتھ بنیادی اخراجات سے نمٹنے میں مشکلات کا سامنا کرنے والے کنبوں کا ایک جامع جائزہ بھی شروع کرے گی۔کم آمدنی والی آبادیوں کی مربوط شناخت اور نگرانی کے لئے ایک نیا طریقہ رائج کیا جائے گا، جس میں مختلف سرکاری محکموں کے مابین معاونت اور اعانت کے لئے روابط ہوں گے۔فی الحال چین کا سماجی بہبود کا نظام صرف مادی امداد پر توجہ مرکوز کرنے سے ایک زیادہ جامع ماڈل کی طرف بڑھ رہا ہے جس میں مادی اعانت اور خدمات دونوں شامل ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ 2025 میں وزارت خدمات پر مبنی سماجی امداد کو فروغ دینے کے لئے پالیسیاں تیار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ، جس میں کم آمدنی والے افراد کے لئے روزگار کے سلسلے میں مدد اور صنعتی اعانت کے اقدامات شامل ہیں۔اکتوبر 2024 تک شہری امور کے محکموں نے ملک بھر میں 69 علاقوں میں خدمات پر مبنی سماجی امداد کے آزمائشی منصوبے شروع کئے ہیں۔ وزارت کے مطابق مجموعی طور پر 60لاکھ 30ہزار افراد کو عارضی امداد بھی فراہم کی گئی۔