امریکا طیارہ حادثہ: تحقیقات میں اہم پیشرفت، بلیک باکس مل گیا
رونالڈریگن ایئرپورٹ کے کنٹرول ٹاور میں سٹاف کمی کا شکار تھا، مسافر طیارے کا رن وے آخری لمحے تبدیل کرایا گیا
واشنگٹن: (جاگیرنیوز) امریکا میں طیارہ حادثہ کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، دریائے پوٹومیک سے ایک بلیک باکس مل گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بلیک باکس مسافر طیارے کا ہے یا ہیلی کاپٹر کا اس کا تعین نہیں ہو سکا۔دوسری جانب المناک تصادم کی مزید تفصیلات سامنے آگئیں، رونالڈریگن ایئرپورٹ کے کنٹرول ٹاور میں سٹاف کمی کا شکار تھا، حادثے کا شکار مسافر طیارے کا رن وے آخری لمحے تبدیل کرایا گیا۔امریکی میڈیا کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرولر نےملٹری ہیلی کاپٹرکو 30 سیکنڈ قبل 2 بار پیغام بھیجا کہ طیارے کے راستے سے ہٹ جائیں، ہیلی کاپٹرکےپائلٹ نے کوئی جواب نہیں دیا، امریکی فوج کا بلیک ہاک ہیلی کاپٹر تربیتی مشن پر تھا۔ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے کی مکمل تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پتا چلائیں گے یہ تباہی کیسے ہوئی، یقینی بنائیں گے کہ ایسا کچھ دوبارہ نہ ہو، حادثہ ایک المیہ ہے،امریکی عوام غم میں ہیں، حادثے کے ذمہ دار فوجی ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کی اہلیت پر بھی سوال اٹھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میری انتظامیہ ایوی ایشن سیفٹی کیلئے قابل افراد کو نامزد کرے گی،2016ء میں وائٹ ہاؤس آنے کے بعد میں نے سیفٹی کو ترجیح دی، میں نے امریکا کی حفاظت کوپہلے رکھا، اوباما اور بائیڈن نے پالیسی کو ترجیح دی۔