قومی کرکٹر وسیم جونیئر کی شادی کی تقریبات شروع
ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کی جانب سے اس جوڑے کے لیے نیک تمناؤں اور مبارک باد کا سلسلہ شروع
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مکہ مکرمہ میں نکاح کرنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد وسیم جونیئر کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہو گیا۔
گزشتہ برس خاموشی سے نکاح کے بندھن میں بندھنے والے 23 سالہ آل راؤنڈر اب اپنی دلہنیا کو گھر لانے کو تیار ہیں۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر قومی کھلاڑی نے اپنی مہندی و ڈھولک کی خوبصورت تصاویر شیئر کر دیں۔
سوشل میڈیا پر کھلاڑی کی جانب سے شیئر کی گئیں تصاویر اور ویڈیوز میں محمد وسیم جونیئر مہندی کے اعتبار سے سبز کرتے پاجامے میں نظر آ رہے ہیں۔مختلف سوشل میڈیا پیجز پر وائرل ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز سے معلوم ہوتا ہے کہ کھلاڑی کی دلہنیا کا نام اسماء ہے۔
شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے پہلے قومی کرکٹر کی مہندی اور ڈھولک کی تقریب کا انعقاد اسلام آباد میں ہوا ہے جس میں ان کے اہل خانہ سمیت قریبی عزیز و اقارب نے شرکت کی۔وائرل ویڈیو میں کھلاڑی کے گھر کی جھلک بھی نظر آ رہی ہے جسے برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جبکہ مہندی و ڈھولک کے اعتبار سے سجاوٹ میں پیلا اور سبز رنگ نمایاں ہے، اس کے ساتھ ساتھ سجاوٹ میں گیندے کے پھولوں کا بھی کثرت سے استعمال کیا گیا ہے۔سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے وسیم جونیئر نے کیپشن میں صرف مہندی کی تقریب کی تاریخ درج کی ہے جس کے مطابق ان کی مہندی 29 جنوری 2025 کو منعقد ہوئی۔
سوشل میڈیا پر تصاویر اور ویڈیوز منظر عام پر آنے کے بعد ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کی جانب سے اس جوڑے کے لیے نیک تمناؤں اور مبارک باد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ برس انجری کا شکار ہونے والے محمد وسیم جونیئر تینوں فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔2021ءمیں ٹی 20 میچ کے دوران ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستانی کرکٹ کی دنیا میں ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی نے اپنے پہلے ہی میچ میں کرس گیل کی وکٹ حاصل کی تھی۔