چین نے فروری کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی
![](https://jageernews.com/wp-content/uploads/2025/02/WhatsApp-Image-2025-02-05-at-10.25.38-PM-959x630.jpeg)
اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ میں چین کےمستقل مندوب فو کانگ نے کہا ہے کہ فروری کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالتے ہوئے چین کثیرالجہتی تعلقات اور عالمی نظم و نسق بہتر کرنے کے بارے میں رکن ممالک کے عزم کے اعادہ کی ترجیحات پر کام کرےگا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا ایک بہت ہی غیر مستحکم دور میں داخل ہو رہی ہے، دنیا بھر میں تنازعات کی تعداد سرد جنگ کے بعد اپنے نئے عروج پر پہنچ گئی ہے،ان حالات میں بین الاقوامی برادری میں خاص طور پر عالمی جنوب میں عالمی نظم و نسق کے نظام میں اصلاحات اور بہتری لانے کا مطالبہ بڑھ رہا ہے۔فو نے سلامتی کونسل کی اس ماہ کام کے پروگرام بارے میں ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ سلامتی کونسل میں یکجہتی اور تعاون کی بجائے تقسیم اور تصادم نے جگہ لے لی ہے۔متعدد مرتبہ کونسل اہم سکیورٹی بحرانوں میں کچھ نہیں کر سکی اور اب یہ صورتحال جاری نہیں رہ سکتی۔چین اپنے اقدام کے تحت 18 فروری کو سلامتی کونسل کے ایک اعلیٰ سطح کی کھلی بحث کی صدارت کرے گا جس کا موضوع کثیرالجہتی تعلقات کی مشق، عالمی نظم و نسق میں اصلاحات اور بہتری ہوگا۔فو نے کہا کہ اس سال ہم اقوام متحدہ کے قیام کی 80 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، اس بحث کا مقصد اقوام متحدہ کے حقیقی مقاصد پر نظرثانی کرنے، کثیرالجہتی تعلقات ، سلامتی کونسل سمیت اقوام متحدہ کے اہم کردار سے متعلق اپنے عزم کا اعادہ کرنے اور عالمی نظم و نسق میں اصلاحات اور بہتری لانے کے طریقے تلاش کرنے کے لیے ممالک کی حوصلہ افزائی کر ناہے۔