لیبیا میں پناہ گزینوں کی ایک اور اجتماعی قبر سے مزید 29 لاشیں برآمد

انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن نے کہا کہ لیبیا میں دو اجتماعی قبروں سے ملنے والی لاشوں پر گولیوں کے زخم ہیں
بن غازی:(ویب ڈیسک) لیبیا کے سیکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ جنوب مشرقی علاقے میں پناہ گزینوں کی ایک اور اجتماعی قبر سے مزید 29 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ پناہ گزینوں کی برآمد ہونے والی لاشوں کی تعداد بڑھ کر 57 ہوگئی ہے، اس سے قبل 28 دیگر لاشیں دارالحکومت طرابلس سے 1700 کلومیٹر دور کوفران کے شمالی علاقے سے برآمد ہوئی تھیں۔انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن نے کہا کہ لیبیا میں دو اجتماعی قبروں سے ملنے والی لاشوں پر گولیوں کے زخم ہیں۔لیبیا کے غیرقانونی پناہ گزینوں سےمتعلق معاملات کے ذمہ دار محمد فادل نے کہا کہ کارروائی کے دوران مزید اجتماعی قبریں سامنے آئیں گی، اسی طرح جو لاشیں برآمد ہوئی ہیں ان کے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے نمونے پراسیکیوٹرز اور کریمنل انوسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ کے سامنے لیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ لیبیا غیرقانونی پناہ گزینوں کی گزرگاہ بن چکا ہے جہاں سے گزر کر افریقہ اور ایشیائی ممالک سے لوگ بہتر مستقبل کی تلاش میں غیرقانونی طور پر یورپ میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔