پاکستان نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کر دی

منصوبہ بندی کمیشن نے نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کا نیا اسکور کارڈ جاری کر دیا
اسلام آباد:(جاگیرنیوز) پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ایک اور شرط پوری کردی۔
منصوبہ بندی کمیشن نے نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کا نیا اسکور کارڈ جاری کر دیا ، جس سے آئندہ مالی سال کے پی ایس ڈی پی کو مزید محدود کیا جائے گا۔منصوبہ بندی کمیشن نےپبلک انویسٹمنٹ پروسیجر اینڈ پیرامیٹر پر مبنی ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔ اس حوالے سے دستاویز کے مطابق اسکور کارڈ کے تحت پی ایس ڈی پی میں ترجیحی منصوبے شامل کیے جائیں گے۔منصوبہ بندی کمیشن کی دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال 10 فیصد نئے ترقیاتی منصوبے شامل کرنے کی اجازت ہوگی۔ پی ایس ڈی پی کے تحت صوبائی نوعیت کے منصوبوں کی مالی معاونت پر پابندی ہوگی، تاہم وفاقی حکومت مخصوص علاقائی منصوبوں کی مالی معاونت جاری رکھے گی۔
واضح رہے کہ رواں مالی سال بھی مختص پی ایس ڈی پی میں 300 ارب روپے کی کمی کی گئی تھی۔ رواں مالی سال کے بجٹ میں 1400 ارب روپے پی ایس ڈی پی مختص کیا گیا تھا اور پی ایس ڈی پی میں کٹوتی کرتے ہوئے اسے 1100 ارب روپے کیا گیا ہے ۔
دریں اثنا وفاقی وزارتیں اور ڈویژنز پہلے ہی پی ایس ڈی پی کا استعمال محدود کر چکی ہیں۔