دبئی میں منشیات اسمگلنگ کے الزام میں شامی خاتون کو 10 سال قید اور ایک لاکھ درہم جرمانہ

خاتون کو گزشتہ برس دبئی اینٹی نارکوٹکس نے میٹرو اسٹیشن کے قریب سے گرفتار کیا تھا
دبئی:(ویب ڈیسک) دبئی میں شام سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو منشیات رکھنے کے جرم میں سزا سنادی گئی۔
عرب میڈیا کے مطابق دبئی پولیس نے عدالت میں بتایا کہ ایک پلاسٹک کی بوتل اور 5 مشکوک تھیلوں کے باعث تلاشی لی۔بوتل اور تھیلوں سے 25.29 گرام مائع میتھامفیٹامائن اور 1.26 گرام کرسٹل میتھ برآمد ہوئی تھی۔ گرفتاری کے وقت وہ نشے میں بھی تھی۔
پولیس کی جانب سے فرانزک رپورٹ میں بطور ثبوت پیش کیے گئے جس میں ایمفیٹامائن اور میتھامفیٹامائن کی تصدیق ہوئی تھی۔ملزمہ نے 500 درہم کے عوض منشیات خریدنے کا اعتراف بھی کیا تھا جس کے لیے اس نے واٹس ایپ پر رابطہ کیا تھا۔پولیس کے ٹھوس شواہد اور ملزمہ کے اعتراف جرم پر دبئی کی فوجداری عدالت نے اسے 10 سال قید اور ایک لاکھ درہم جرمانے کی سزا سنائی۔
جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مجرمہ کو ہر 100 درہم کے بدلے ایک اضافی دن جیل میں کاٹنا ہوں گے۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملزمہ کو سزا 2021 کے وفاقی قانون نمبر 30 کی بنیاد پر دی گئی ہے۔