’’نی جا 2‘‘ فلم نے کھلونوں کی چینی فیکٹریوں کے آرڈرز میں اضاٖفہ کردیا

گوانگ ژو(شِنہوا)چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ میں ثقافتی مصنوعات کی کمپنی کی گہما گہمی سے بھرپور پیداواری ورکشاپ میں چینی اینیمیٹڈ بلاک بسٹر فلم ’’نی جا 2‘‘ کے تمام کردار نی ژا،آؤ بنگ اور تائی یا کے چھوٹے مجسمے پوری رفتار سے اسمبلی لائن سے نکل رہے ہیں۔
اس دیوانگی کا محرک فلم کی غیرمعمولی کامیابی ہے، جس نے دنیا بھر میں باکس آفس کے متعدد ریکارڈز کو توڑ دیا ہے۔ فلم کی مقبولیت سے تھیم والے مجسموں، چابی چینز اور بیجوں کی خریداری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔کئی مصنوعات آن لائن اور آف لائن فروخت ہوئیں جبکہ دوبارہ فروخت کی قیمتیں پہلے سے کئی گنا زیادہ ہوچکی ہیں۔شائقین کا مزاحیہ انداز میں کہنا ہے کہ پہلے سینما ٹکٹوں کے حصول کے لئے چھینا جھپٹی کے بعد وہ اب اشیا جمع کرانے کے لئے لڑ رہے ہیں۔ان میں سے بہت سی فروخت شدہ مصنوعات ڈونگ گوان میں بنی ہیں، جسے چین کے “ڈیزائنر کھلونوں کا دارالحکومت” کہا جاتا ہے۔سنز وو فیکٹری جیسی کھلونے تیار کرنے کے لئے مشہور صنعتیں تخلیقی ڈیزائنوں اور دستکاریوں کے ذریعے فلم کے کرداروں کو حقیقی دنیا کے سب سے زیادہ طلب کئے جانے والے مجموعوں میں تبدیل کر رہی ہیں۔2017 میں قائم کی گئی وو فیکٹری ثقافتی اور تخلیقی کمپنی ہے جو ڈیزائن،تحقیق اور پیداوار میں مہارت رکھتی ہے۔یہ کمپنی اب تک 2 ہزار سے زائد ڈیزائنر برانڈز کی معاونت کر چکی ہے۔آرڈرز میں غیر معمولی اضافے سے کمپنیاں پرجوش بھی ہیں اور دباؤ بھی محسوس کر رہی ہیں۔ضرورت سے زیادہ مانگ سے نمٹنے کے لئے وو فیکٹری نے ڈونگ گوان کے صنعتی نظام کا فائدہ اٹھایا ہے۔ بڑے پیمانے پر آرڈر حاصل کرنے کے بعد کمپنی نے پیداواری صلاحیت کو زیادہ سے زیادہ کرنے اور آرڈرز کو موثر طریقے سے پورا کرنے کے لیے کھلونوں کی درجنوں مقامی صنعتوں کے ساتھ شراکت کی ہے۔ادھر گوانگ ڈونگ ہینگ لی تائی کرافٹ پراڈکٹس کمپنی لمیٹڈ میں پروڈکشن لائنز مانگ پوری کرنے کے لئے 24 گھنٹے کام کر رہی ہیں۔چین کے ڈیزائنر کھلونوں کی صنعت بڑھتے ہوئے ثقافتی اعتماد کی بھی عکاس ہے۔