حکومت کا مذاکرات سے انکار کرنے والے آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ کرانے کا فیصلہ

جو پاور پلانٹس مذاکرات سے انکار کریں گے، ہم ان کا بھی فرانزک آڈٹ کریں گے، وزیر اعظم کے معاون خصوصی محمد علی
اسلام آباد (جاگیرنیوز) وفاقی حکومت نے مذاکرات نہ کرنے والے آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کو وزیر اعظم کے معاون خصوصی محمد علی نے بتایا کہ حکومت کی ٹاسک فورس آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات کررہی ہے، 1994پالیسی کے تحت ایک پاور پلانٹ ہمارے ساتھ مذاکرات نہیں کررہا، ہم اس پلانٹس کا فرانزک آڈٹ کرنے جارہے ہیں، آڈیٹر سے متعلق نیپرا نے عالمی اخبارات میں اشتہار دے دیا ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ جو پاور پلانٹس مذاکرات سے انکار کریں گے، ہم ان کا بھی فرانزک آڈٹ کریں گے، وزرات توانائی اس سے متعلق آرڈر جاری کرے گی۔محمد علی نے مزید کہا کہ فرنس آئل اور گیس کے آئی پی پیز سے 35 ارب روپے ریکور کر لیےگئے، یہ وہ پیسے ہیں جو ماضی کی حکومتوں نے فیول کاسٹ اور آپریشن اینڈ مینٹی ننس کاسٹ کی مد میں زیادہ دیئے تھے۔دوسری جانب وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے قائمہ کمیٹی کو لوڈشیڈنگ شیڈول بارے بتایا کہ رمضان میں لوڈ شیڈنگ کم ہو گی اور پاکستان کے طول و عرض میں سحر اور افطار کے دوران بجلی کی فراہمی یقینی ہوگی، جن فیڈرز کے لاسزز 80 فیصد سے زیادہ ہے کوشش ہوگی کہ ان پر بھی سحر اور افطار کے وقت بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں۔