الیکشن وقت پر ہوں گے، اقتدار میں آکر تنخواہیں ڈبل کر دیں گے، بلاول بھٹو

انشا اللہ جیت آپ کی ہو گی، جیت تیر کی ہوگی، جیت پیپلزپارٹی کی ہو گی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری

میں مفت علاج کے لیے ہسپتال بنانا چاہتا ہوں، میں مفت تعلیم کے ادارے بنانا چاہتا ہوں، ہمارے بہت سارے پروگرام ہیں،چیئرمین بلاول
لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ے کہ پاکستان میں کوئی بھی تنخواہ میں گزارہ نہیں کر سکتا، اقتدار میں آکر تنخواہیں ڈبل کر دیں گے، الیکشن وقت پر ہوں گے۔لاہور کے حلقہ این اے 127 میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آج مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ لاہور میں منائی۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شہید بینظیر بھٹو نے آپ کی نمائندگی کی، ایک ہی سیاسی جماعت ہے جو عوام کی نمائندگی کررہی ہے، میرے سفیربن کر گھر گھر پہنچیں اور میرے 10 وعدوں کے بارے میں بتائیں، ہم عوام کو 300 یونٹ تک مفت یونٹ بجلی فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی وجہ سے عوام کو مالی مدد فراہم کی جا رہی ہے، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام لے کر آئی، ہم مزدوروں کو بھی بینظیر کارڈ فراہم کریں گے، ہم کسانوں کو کسان کارڈ اور نوجوانوں کو بھی نوجوان کارڈ دلوائیں گے، اس وقت غربت، مہنگائی بیروزگاری عروج پر ہیں۔
چیئرمین پپیلز پارٹی نے کہا کہ میں نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا، میں گالم گلوچ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا، میں اس پرانی، تقسیم، نفرت کی سیاست کو دفن کرنا چاہتا ہوں، میں آپ کی بھرپور مدد کرنا چاہتا ہوں۔سینیٹ میں الیکشن ملتوی کرنے کے حوالے سے صحافی کے سوال پر ردِ عمل دیتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن وقت پر ہوں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ بزرگوں کا علاج کرنا بہت مشکل کام ہو گیا ہے، روزگار کا بندوبست کرنا بھی بہت مشکل ہو گیا ہے، میں مفت علاج کے لیے ہسپتال بنانا چاہتا ہوں، میں مفت تعلیم کے ادارے بنانا چاہتا ہوں، ہمارے بہت سارے پروگرام ہیں، انشا اللہ جیت آپ کی ہو گی، جیت تیر کی ہوگی، جیت پیپلزپارٹی کی ہو گی۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاہور کی خواتین ونگ کی جانب سے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 96ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین پاکستان کی کل آبادی کا 50فیصد ہیں اور انہیں ملک کی مشکلات کا علم ہے۔ انہیں اس بات کا بہتر علم ہے کہ ملک میں مہنگائی اور غربت سے کیا اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہیں علم ہے کہ پاکستان میں اس وقت کوئی بھی صرف ماہانہ تنخواہ پر گزارہ نہیں کر سکتا۔ خواتین کو یہ بھی علم ہے کہ بزرگوں کے لئے صحت کی سہولیات تک رسائی اور بچوں کے لئے تعلیم اور روزگار کتنی مشکل ہوگئی ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارٹی کی خواتین کو چاہیے کہ وہ پارٹی کی وکالت کریں اور پارٹی کی سفیر بن کر لوگوں کو گھر گھر جا کر پارٹی کے نظریے سے آگاہی دیں۔ پارٹی کی کارکنوں کو بتانا چاہیے کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی وہ واحد پارٹی ہے جو پچھلی تین نسلوں سے غریبوں کی نمائندگی کر رہی ہے جبکہ دیگر ساری پارٹیاں اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہیں۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے غریبوں کی نمائندگی کی یہی وجہ ہے کہ پی ایم ایل این اور پی ٹی آئی کو پنجاب میں مسلط کیا گیا کیونکہ وہ اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہیں۔ اگر ہم عوام ، مزدوروں، کسانوں، طلباءاور خواتین کی حکومت چاہتے ہیں تو پاکستان پیپلزپارٹی کو فتح مند کرنا ہوگا۔ جیالوں کو گھر گھر جا کر پارٹی کے دس وعدوں سے آگاہی دینی ہے۔ ہمارا پہلا وعدہ یہ ہے کہ ہم لوگوں کی قوتِ خرید بڑھانے کے لئے حکومت کے پانچ سال کے دوران تنخواہیں دوگنی کر دیں گے۔ ہم یہ وعدہ بھی کرتے ہیں کہ حکومت میں آکر غریب عوام کے لئے 300یونٹ تک بجلی مفت کر دیں گے اور یہ کال صرف پیپلزپارٹی ہی کر سکتی ہے۔ پیپلزپارٹی ہی وہ پارٹی ہے جس نے بینظیر انکم سپورٹ جیسا انقلابی پروگرام دیا ہے جس کی بین الاقوامی طور پر تعریف کی جاتی ہے۔ ہم اس پروگرام میں توسیع کریں گے تاکہ عوام کو زیادہ فائدہ ہو۔ اسی طرح ہم بینظیر مزدور کارڈ، بینظیر کسان کارڈ اور بینظیر یوتھ کارڈ بھی دیں گے تاکہ ہمارے مزدور، کسان اور نوجوان کا معیار زندگی بہتر ہو سکے۔ اب یہ پارٹی کے کارکنوں پر منحصر ہے کہ وہ عوام کو بتائیں کہ ہم نفرت اور تقسیم کی روایتی سیاست کو دفن کر دیں گے۔ ہم مفت صحت اور تعلیم کے ادارے قائم کرنا چاہتے ہیں۔ ہم بھوک کے خاتمے کے لئے پراجیکٹ شروع کرنا چاہتے ہیں۔ پارٹی کارکن خواتین کو چاہیے کہ وہ ملک بھر کی خواتین تک پارٹی کا منشور پہنچائیں۔ پارٹی فتحمند ہوگی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خواتین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے شہید قائد عوام کی سالگرہ کی تقریب منعقد کی۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں