ڈاکٹروں نے یوکرینی فوجی کے سینے سے بغیر پھٹا دستی بم نکال لیا
ڈاکٹروں نے یوکرینی فوجی کے سینے سے بغیر پھٹا دستی بم نکال لیا،دھماکا خیزمواد 28 سالہ فوجی جوان کے دل کے بالکل نیچے پھنسا ہوا تھا.
یوکرین کے اعلیٰ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ دھماکا خیزمواد 28 سالہ فوجی جوان کے دل کے بالکل نیچے پھنسا ہوا تھا جسے کامیابی سے نکال لیا گیا، ڈاکٹرز نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیس میڈیکل کتابوں میں درج کیا جائے گا۔
یہ آپریشن میجر جنرل اینڈری وربا نے کیا جنہیں یوکرین کی مسلح افواج کا سب سے زیادہ تجربہ کار سرجن بتایا جاتا ہے، یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آپریشن کب کیا گیا اور فوجی کہاں زخمی ہوا تھا۔
دوسری جانب یوکرین نے ایک دن میں 100 سے زائد روسی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کردیا، روس یوکرین جنگ کو 324 روز ہوگئے ہیں۔ڈونیسک کے گورنر نے کہا چوبیس گھنٹوں کے دوران سولیڈار میں گھمسان کی جنگ ہوئی جس میں 100 سے زائد روسی فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔
یوکرینی حکام نے بتایا کہ مشرقی شہر سولیڈار میں شدید لڑائی کے بعد روسی فوج کو پسپا کردیا گیا ہے جبکہ روس کا کہنا ہے کہ وہ سولیڈار پر قبضہ کرنے کے قریب ہیں۔یوکرینی حکام کے مطابق سولیڈار میں 15 بچوں سمیت 600 یوکرینی شہری پھنسے ہوئے ہیں جن کا انخلا مشکل ہوگیا ہے۔