نیپال میں مسافر طیارہ گر کر تباہ، ہلاکتوں کی تعداد دو شیرخوار بچوں سمیت 68 ہوگئی
کھٹمنڈو: نیپال میں مسافر بردار طیارہ لینڈنگ سے ایک منٹ قبل گر کر تباہ ہوگیا جس کے باعث 68 افراد ہلاک ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر ایجنسی کے مطابق نیپال کی نجی فضائی کمپنی یئٹی ایئر (Yeti Airlines) کا طیارہ ملک کے وسط میں واقع شہر پوکھارا کے نئے اور پرانے ہوائی اڈوں کے درمیان گر کر تباہ ہوگیا ہے۔
ایئر لائن کے ترجمان سدرشن برتوالا نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کے وقت طیارے میں 68 مسافر اور عملے کے 4 افراد سوار تھے۔مقامی انتظامیہ کے اعلیٰ اہلکار گرودت دھکل نے کہا ہے کہ حادثے کے وقت ملبے میں آگ لگی ہوئی تھی۔
حکام نے تصدیق کی ہے کہ جائے حادثہ سے 45 لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔
واضح رہے کہ یورپی یونین نے حفاظتی خدشات کے پیش نظر تمام نیپالی طیاروں کے اپنی فضائی حدود میں داخلے پر پابندی لگارکھی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مسافر طیارہ اتوار کو وسطی نیپال کے پرانے اور نئے پوکھارا ہوائی اڈے کے درمیان ایک گھاٹی میں گر کر تباہ ہوا۔ طیارے میں عملے کے چار ارکان اور 68 مسافر سوار تھے جن میں دو شیرخوار بچے بھی شامل ہیں۔
مسافروں میں سے 53 نیپالی، 5 بھارتی، 4 روسی، 2 کورین جب کی ارجنٹائن، آسٹریلیا، فرانس اور آئرلینڈ کا ایک ایک شہری شامل ہے۔ حادثے میں کسی کے زندہ بچ جانے کے امکانات معدوم ہوگئے۔
ریسکیو آپریشن کے دوران طیارے کے ملبے سے لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے جب کہ کچھ لاشیں طیارے سے دور بھی پائی گئیں۔ طیارے کے زمین بوس ہوتے ہی اس میں آگ بھڑک اُٹھی تھی۔
تاحال طیارہ حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ ایوی ایشن کی جانب سے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔ طیارے نے کھٹمنڈو سے پوکھارا شہر کے لیے اُڑان بھری تھی۔