کراچی میئر کے امیدوار خرم شیر زمان یوسی الیکشن بھی نہ جیت سکے
کراچی: شہر قائد کے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کراچی کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان یوسی کا الیکشن ہار گئے۔
کراچی میں تحریک انصاف کو سخت دھچکا پہنچا ہے، پی ٹی آئی کراچی کے صدر اور موجودہ رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کراچی میں یوسی کا الیکشن بھی نہیں جیت سکے۔
اطلاعات کے مطابق انہیں صدر ٹاؤن کی یوسی گیارہ میں شکست ہوئی اور ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے امیدوار نجمی عالمی کامیاب ہوگئے۔ نجمی عالم نے اس نشست پر 2696 ووٹ حاصل کیے۔
ان کی شکست پر پیپلز پارٹی کے رہنما و صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دماغ سے خناس نکل گیا کہ کراچی ان کا ہے، کراچی کے لوگوں نے پیپلز پارٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہارکیاہے، کراچی کے شہریوں کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی اور سندھ میں بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، جماعت اسلامی کو بھی مبارکباد دیتا ہوں، جماعت اسلامی پیپلز پارٹی سے تھوڑا پیچھے ہے، پیپلز پارٹی نے کئی برس سندھ کی خدمت کی ہے، جماعت اسلامی کی کارکردگی بہتر رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خرم شیر زمان کراچی کے میئر بنے بیٹھے ہیں لیکن انہیں شکست ہوئی، جماعت اسلامی سمیت سب سے بات کریں گے لیکن پی ٹی آئی سے کوئی بات نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے خرم شیر زمان کو کراچی کے میئر کے لیے منتخب کیا گیا تھا تاہم وہ یوسی الیکشن ہی ہار گئے۔
دوسری جانب میڈیا سے بات کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے نتائج میں تاخیر پیپلز پارٹی کے حکم پر کی جارہی ہے، پریذائیڈنگ افسران مع پولیس سب پیپلز پارٹی کی غلامی کررہے ہیں، پیپلز پارٹی نے کھلی دھاندلی کرکے نتائج پر قبضہ کر رکھا ہے، پریزائیڈنگ افسران پولنگ اسٹیشنز میں پیپلز پارٹی کی قیادت سے ہدایت لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام ڈی آر او کے دفاتر کے دروازے امیدواروں کیلئے بند کردیے گئے ہیں، بلدیاتی الیکشن مسئلہ کشمیر بنا ہوا ہے جو حل نہیں ہورہا، پیپلز پارٹی نے سرکاری مشنری کا استعمال کرکے الیکشن پر جھلو پھیرا ہے، حق و سچ کیلئے آواز اٹھانے والوں کو گرفتار کیا جارہا ہے۔