ہماری شرح خواندگی صرف 60 فیصد ہے ترقی کرنی ہے تو اسے 90 فیصد پر لانا ہوگا، احسن اقبال
افسوس ناک بات یہ ہے کوئی بھی ضلع ہائی کیٹگری میں فعال نہیں ہے،وزیر منصوبہ بندی -فوٹو : فائل
اسلام آباد: وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہماری شرح خواندگی صرف 60 فیصد ہے، اگر ترقی کرنی ہے تو شرح خواندگی کو 90 فیصد کرنا ہوگا، مستقبل کا انحصار تعلیم پر ہے لڑائی پر نہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ہماری وزارت نے عالمی ماہرین اور سرکاری اداروں سے مل کر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن انڈکس رپورٹ جاری کی ہے، پاکستان کے 124 اضلاع کا تعلیم میں اسکور 53 فیصد آیا ہے، افسوس ناک بات یہ ہے کوئی بھی ضلع ہائی کیٹگری میں فعال نہیں ہے، رپورٹ میں 58 فیصد میڈیم کیٹگری باقی لو پرفامنگ اضلاع ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری شرط خواندگی صرف 60 فیصد ہے، اگر ترقی کرنی ہے تو شرح خواندگی کو 90 فیصد کرنا ہوگا، مستقبل کا انحصار تعلیم پر ہے لڑائی پر نہیں، یہ رپورٹ تعلیمی نظام کی بہتری میں بنیاد بنے گی۔احسن اقبال نے کہا کہ انٹرنیٹ کی عدم دستیابی بھی بڑی کمزوری پائی گئی، تعلیم میں ٹیکنیکل اداروں کا کردار کم ہوگیا، تعلیم پر خرچ کیے گئے وسائل کے نتائج نہیں ملے رہے، وزیر اعظم نے ایجوکیش ایمرجنسی کیلئے ٹاسک فورس بنا دی ہے، پانچ سالہ پلان کو صوبوں کے ساتھ شیئر کریں گے۔