بلاول بھٹو زرداری کے دوٹوک موقف نے بی جے پی اور پی ٹی آئی کی نیندیں حرام کردیں،سینیٹر وقار مہدی
چیئرمین بلاول بھٹو کے دورہِ بھارت پر بی جے پی اور پی ٹی آئی کی آہ و بکا نے دونوں پارٹیوں کے اندرونِ خانہ مُک مکا کو بے نقاب کر دیا ہے،وقار مہدی:فائل فوٹو
کراچی (ویب نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی نے کہا ہے کہ بھارت کی سرزمین پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے دوٹوک موقف نے بی جے پی اور پی ٹی آئی کی نیندیں حرام کردی ہیں۔ اپنے جاری کردہ بیان میں، سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جس طرح پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے خلاف مدلل و دوٹوک انداز میں بی جے پی اور آر ایس ایس کے لغو بیانیئے کے پرخچے اڑائے ہیں، پوری قوم اس پر آج انہیں خراج تحسین پیش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمیشہ اس غلط فہمی کا شکار رہتا ہے کہ خود اس کی طرح پوری قوم کا بھی حافظہ کمزور ہے۔ پاکستانی قوم کو نریندر مودی کی الیکشن میں کامیابی کے لیے عمران نیازی کی جانب سے دعائیں مانگنا، مقبوضہ کشمیر پر 5 اگست 2019ء پر کئے گئے بھارتی حملے پر عمران خان حکومت کا شتر مرغ کی طرح اپنا سر ریت میں دبانا، اور بھارتی پائیلٹ کو اس کے اپنے ملک کے مطالبے کے بغیر ہی رہا کردینا کبھی نہیں بھولے گی۔ انہوں نے کہا کہ جس دلیری اور تدبر کے ساتھ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کے خلاف پاکستان اور کشمیر کاز کا مقدمہ لڑا ہے، پوری پی ٹی آئی میں اس کے جیسا رتی برابر بھی موقف رکھنے والا کوئی نہیں۔ وقار مہدی نے کہا کہ بے جے پی کے علاوہ آج پورا بھارت یہ تسلیم کر رہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان وزیرخارجہ نے اپنے دو روزہ دورے میں بھارتی حکمران جماعت کے بیانیئے کا جنازہ نکال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے دورہِ بھارت پر بی جے پی اور پی ٹی آئی کی آہ و بکا نے دونوں پارٹیوں کے اندرونِ خانہ مُک مکا کو بے نقاب کر دیا ہے۔