خامنہ ای نے اسرائیل پر میزائل حملے کرنے والے جنرل کو تمغۂ فتح سے نواز دیا
پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل امیر علی حاجی زادہ کو تمغہ دیا گیا-
تہران: ایران کی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف آیت اللہ خامنہ ای نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل امیر علی حاجی زادہ کو تمغہ فتح سے نوازا۔ایران کی سرکاری میڈیا کے مطابق سپریم لیڈر خامنہ ای نے کمانڈر جنرل حاجی زادہ کو ایک خصوصی تقریب میں تمغۂ فتح پہنایا۔پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر امیر علی کو یہ تمغہ اسرائیل پر 200 سے زائد بیلسٹک میزائل سے حملے پر دیا جسے آپریشن” True Promise“ یعنی سچا وعدہ کا نام دیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ ایران میں فتح کا تمغہ اسلام کے جنگجوؤں اور ان آپریشنز کے فاتحین کی فاتحانہ کارروائیوں کی علامت ہے۔
یہ تمغہ کھجور کے تین پتوں اور خرمشہر گرینڈ مسجد کے گنبد اور اسلامی جمہوریہ ایران کے جھنڈے پر مشتمل ہے۔
آیت اللہ کی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے پاسداران انقلاب کے ایرو اسپیس کمانڈر کو اسرائیل پر اسلامی جمہوریہ کے میزائل حملوں کے لیے اس اعزاز سے نوازا ہے۔یاد رہے کہ 62 سالہ جنرل امیر علی حاجی زادہ 2009ء میں تشکیل دی گئی پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کی پہلے دن سے سربراہی کر رہے ہیں۔