بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینٹر روبینہ خالد کی وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ سے ملاقات

ملاقات میں سندھ میں ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل تعلیم کے فروغ اور تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا-فوٹو:پی پی پی میڈیا

کراچی ( جاگیرنیوز): چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے آج صوبائی وزیر تعلیم و خواندگی سید سردار علی شاہ سے انکے دفتر میں ایک اہم ملاقات کی ۔ ملاقات میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد کی اسکل ڈویلپمنٹ اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سہ ماہی کفالت قسط کی ادائیگی کے دوران سکولوں میں کیمپ سائٹس مختص کرنے کے حوالے سے گفتگو کے ساتھ ساتھ صوبے میں ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل تعلیم کے فروغ اور تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سیکریٹری سکول ایجوکیشن زاہد علی عباسی، بی آئی ایس پی سندھ کے ڈائریکٹر جنرل ذوالفقار شیخ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے ملاقات میں کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اسکل ڈولپمینٹ اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کے حوالے سے مختلف پروگرامز پر کام کر رہا ہے تاکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والے خاندانوں کو مختلف تکنیکی تعلیم دیکر انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جاسکے۔ بی آئی ایس پی اور حکومت سندھ فلیگ شپ پروگرام کے تحت مل کر فنی تربیت کے لیے کام کر سکتے ہیں۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ بی آئی ایس پی مالی معاونت کے علاوہ خاندانوں کو خود کفیل بنانے کے حوالے سے سنجیدہ کوشش کر رہا ہے۔ ہم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے رجسٹرڈ مستحقین کے بچوں کی فنی تعلیم پر زیادہ توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔ صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی کی معاونت کی پیشکش کو سراہتے ہوئے ان کے اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کا خواب پاکستانی خواتین کے معاشی استحکام اور ان کے خودکفیل ہونے کے حوالے سے واضح رہا ہے۔ایسے بچے جو اپنے خاندانوں کی کفالت کی وجہ سے تعلیم مکمل نہیں کر پاتے ایسے بچوں کے لیے کام کرنے کی ضروت ہے۔اس وقت تعلیم اور ٹیکنیکل مہارت ایک ساتھ دے کر نوجوانوں کو معاشی طور پر مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، صوبائی محکمہ تعلیم اور اسٹیوٹا کو ملکر تکنیکی تعلیم اور اسکلز ڈولپمنٹ پر کام کرنا ہے۔ملاقات کے دوران اسکل ایجوکیشن کے حوالے سے آئیندہ لائحہ عمل تیار کرنے اور حتمی سفارشات کے لیے ورکنگ پیپر تیار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں صوبائی وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی کو محکمہ تعلیم سندھ میں کیے گئے ریفارمز کے بارے میں آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی روبینہ خالد کے ساتھ تکنیکی اور فنی تعلیم اور تربیت کے حوالے سے اپنا بھرپور ساتھ دینا کا عزم کیا۔بعد ازاں، چیئرپرسن بی آئی ایس پی روبینہ خالد نے شیریں جناح کالونی میں گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے بچوں کو بڑے ہوکر مختلف شعبوں میں شامل ہو کر ملک کی خدمت کرنے پر زور دیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں