چین ، انڈونیشیا کی افواج آفات سے بچاؤ کی پہلی مشترکہ مشقیں کریں گی
چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے جنوبی تھیٹر کمانڈ نے ہوانگ یان ڈاؤ کے قریب بحریہ اور فضائیہ کی معمول کی تربیت کا اہتمام کیا،(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چین اور انڈونیشیا کی افواج انڈونیشیا میں نومبر کے آخر سے دسمبر کے اوائل تک انسانی امداد اور آفات سے بچاؤ کی مشترکہ مشقیں کریں گی۔
وزارت قومی دفاع کے ترجمان وو چھیان نے جمعرات کے روزکہا کہ دونوں افواج کے درمیان اتفاق رائے کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے جنوبی تھیٹر کمانڈ کے فوجی پیسیفک گاروڈا-2024ء مشترکہ ایچ اے ڈی آرمشقوں میں حصہ لیں گے جو دونوں فریقوں کے درمیان اس نوعیت کی پہلی مشقیں ہیں۔وو نے کہا کہ اس دوران دونوں فریقوں کے بری، بحریہ اور فضائیہ کے دستے تلاش اور سراغ لگانے، طبی علاج، اہلکاروں کے انخلا اور آباد کاری، نیوکلیئرو بائیولوجیکل اورکیمیائی تحفظ اور پیراشوٹ کی ترسیل سے متعلق مشقیں کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ چین اور انڈونیشیا کی افواج نے حالیہ برسوں میں قریبی اعلیٰ سطح کے روابط کو برقرار رکھا ہے اور تعاون کے مختلف شعبوں میں مفید نتائج حاصل کئے ہیں۔وو نے کہا کہ اگلے سال دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پرچین انڈونیشیا کے ساتھ مل کر فوجی تبادلوں کو مزید مستحکم کرنے اور دفاعی مکالمے کے نظام کو بہتر بنانے کی خاطر کام کرنے کے لئے تیار ہے۔
چینی صدر شی جن پھنگ ایک تقریب سے خطاب کررہے ہیں۔ (شِنہوا)
چینی صدر کا سپلائی اور مارکیٹنگ کوآپریٹوز کی اعلیٰ معیار کی ترقی پر زور
بیجنگ (شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ نے سپلائی اور مارکیٹنگ کوآپریٹوز پر زور دیا ہے کہ وہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) اور حکومت کے لئے کسانوں کے ساتھ قریبی تعلقات برقرار رکھنے میں پل کا کردار ادا کرتے ہوئے سپلائی اور مارکیٹنگ کوآپریٹو مقاصد میں اعلیٰ معیار کی ترقی میں ایک نیا باب لکھنے کی کوشش کریں۔شی جن پھنگ نے آل چائنہ فیڈریشن آف سپلائی اینڈ مارکیٹنگ کوآپریٹوزکے 70 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ایک ہدایت میں کہا کہ گزشتہ 7 دہائیوں میں ملک کے سپلائی اور مارکیٹنگ کوآپریٹوزنے دیہی و شہری رہائشیوں کی خدمت، دیہی معیشت کے فروغ ، مطلق غربت کے خاتمے، کسانوں کی آمدنی بڑھانے اور دیہی بحالی کے فروغ میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔فیڈریشن کا قیام 1954 میں عمل میں آیا تھا،یہ ایک قومی اقتصادی تنظیم ہے جو پیداوار کے اہم زرعی ذرائع کے ساتھ ساتھ زرعی اور ضمنی مصنوعات کو منظم ، مربوط اور ان کا انتظام کرنے کی ذمہ دار ہے۔شی نے تمام سطح کی پارٹی کمیٹیوں اور حکومتوں سے کہا کہ وہ سپلائی اور مارکیٹنگ کوآپریٹوزکے کام کے لئے اپنی قیادت کو مزید مستحکم کرتے ہوئے اس سے تعاون کریں۔شی نے کوآپریٹوز پر زور دیا کہ وہ مربوط پلیٹ فارم تیار کریں جو کسانوں کی پیداوار اور زندگیوں کی خدمت کریں اور جدید زراعت کی ترقی کے فروغ میں مدد دیں۔چینی وزیراعظم لی چھیانگ نے سپلائی اور مارکیٹنگ کوآپریٹوز سے متعلق ہدایات دیں۔لی نے کوآپریٹوزپر زوردیا کہ وہ زرعی رسد، زرعی مصنوعات کی تقسیم کے ساتھ ساتھ قابل تجدید وسائل کی ری سائیکلنگ اور استعمال میں اعلیٰ معیار کی ترقی کو مزید فروغ دیں۔
چینی الیکٹرک گاڑیوں کی قیمتوں کے منصوبے پر چین ،یورپی یونین مذاکرات میں پیشرفت
بیجنگ (شِنہوا) چین اور یورپی یونین نے چینی الیکٹرک گاڑیوں کے لئے قیمتوں کے منصوبے پر مشاورت میں پیشرفت کی ہے اور مذاکرات ابھی بھی جاری ہیں۔چین کی وزارت تجارت کے تر جمان ہی یادونگ نے جمعرات کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ چین اور یورپی یونین دونوں کے مختلف شعبے یورپی یونین کے چینی الیکٹرک گاڑیوں کے خلاف سبسڈی کے کیس کا مناسب حل دیکھنے کے منتظر ہیں۔ترجمان نے تصدیق کی کہ موجودہ اصولی اتفاق رائے کی بنیاد پر دونوں فریقوں کی تکنیکی ٹیموں نے تفصیلی مشاورت کی ہے اور اپنی محنت کے باعث کچھ پیشرفت کی ہے۔ترجمان کے مطابق چین امید کرتا ہے کہ دونوں فریق ایک ہی سمت میں کام کریں گے اور ایک دوسرے کی جائز تشویش کو عملی اور متوازن انداز میں حل کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں فریقین کو مختلف شعبوں کی توقعات پر پورا اترنا چاہیے اور مشترکہ طور پر مشاورت کو مثبت نتائج کی طرف آگے بڑھانا چاہئے۔
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہیپی ویلی بیجنگ تھیم پارک میں بینک آف کمیونیکیشنز کے عملہ کی ایک رکن (بائیں )آن لائن ویلٹ آف ڈیجیٹل آر ایم بی کے استعمال میں خاتون کی مدد کر رہی ہے۔(شِنہوا)
چین کے بینک آف کمیونیکیشنز نےدبئی میں پہلی مشرق وسطیٰ برانچ کا آ غاز کر دیا
دبئی (شِنہوا) چین کے ریاستی ملکیت کے حامل کمرشل بینک ،بینک آف کمیونیکیشنز (بی او سی او ایم) نے دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر (ڈی آئی ایف سی)میں اپنی پہلی مشرق وسطیٰ برانچ کا آغاز کیا ہے۔اس بینک کا صدر دفتر شنگھائی میں ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بی او سی او ایم کے چیئرمین آف دی بورڈ آف سپروائزرز شو جی منگ نے کہا کہ یہ نئی برانچ ڈی آئی ایف سی کے اسٹریٹجک مقام سے فائدہ اٹھائے گی جو مشرق وسطیٰ، افریقہ اور جنوبی ایشیا کو جوڑتی ہے ۔یہ برانچ اس علاقے کی تیز رفتار ترقی سے پیدا ہونے والے مواقع اور چین۔متحدہ عرب امارات کے گہرے ہونےوالے تعاون سے بھی فائدہ اٹھائے گی۔شو نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بینک دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے پُر عزم ہے۔تقریب میں دبئی میں چین کے قونصل جنرل او بوچھیان نے بینک کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ شنگھائی اور دبئی دونوں کے مالیاتی مراکز ہونے کے منفرد فوائد سے مستفید ہو تاکہ چین اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مالیاتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دیا جا سکے۔ڈی آئی ایف سی اتھارٹی کے سی ای او عارف امیری نے امید ظاہر کی کہ چین اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مالی تعاون مستحکم کرنے کے لئے بینک آف کمیونیکیشنز کے ساتھ کام کیا جا ئے گا۔اس اضافے کے ساتھ بی او سی او ایم اب 5براعظموں میں 24 غیر ملکی برانچز اور نمائندہ دفاتر چلا رہاہے اور بڑے مالیاتی مراکز کا احاطہ کرنے والے 67 بین الاقوامی آؤٹ لیٹس کے اپنے عالمی نیٹ ورک کو مزید مضبوط کررہا ہے۔