عالمی ادارہ صحت کانگو میں غیرتشخیص شدہ بیماری کی تحقیقات میں شامل ہو گیا
عوامی جمہوریہ کانگو کے ایک ویکسینیشن مرکزمیں ایک بچے کو ویکسین لگائی جارہی ہے۔ (شِنہوا)
کنشاسا (شِنہوا) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) عوامی جمہوریہ کانگو میں محکمہ صحت کی مدد کے لیے ماہرین بھیج رہا ہے تاکہ ملک کے جنوب مغربی صوبہ کوانگو کے ایک علاقے پان زی میں غیرتشخیص شدہ بیماری کی وجوہات کا پتہ لگایا جاسکے۔
عالمی ادارہ صحت کے افریقی علاقائی دفتر نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ ڈبلیو ایچ او کے ماہرین عوامی جمہوریہ کانگو کی ردعمل ٹیم کا حصہ بن کر پان زی جارہے ہیں۔ڈبلیو ایچ او کی ایک ابتدائی مقامی ٹیم نومبر کے اختتام سے کوانگو میں محکمہ صحت کی مدد کررہی ہے تاکہ بیماری کی نگرانی کا نظام مستحکم کرکے مرض کی نشاندہی کی جاسکے۔عالمی ادارہ صحت کے علاقائی ڈائریکٹر برائے افریقہ متشی دیسو موئٹی نے کہا کہ ہماری ترجیح متاثرہ خاندانوں اور برادریوں کو مئوثر مدد فراہم کرنا ہے۔ بیماری کی وجوہات کی نشاندہی کرنے، اس کی منتقلی کا طریقہ سمجھنے اور جلد از جلد مناسب ردعمل کو یقینی بنانے کے لئے تمام کوششیں جاری ہیں۔عوامی جمہوریہ کانگو کی وزارت عوامی صحت کے مطابق پان زی صحت زون میں اب تک 394 کیسز اور 30 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ بیماری کی علامات میں سر درد، کھانسی، بخار، سانس لینے میں دشواری اور خون کی کمی شامل ہیں۔