جرمن قیادت میں نیٹو کی تاریخ کی سب سے بڑی فضائی مشقیں

نیٹو کی تاریخ کی سب سے بڑی 10 روزہ فضائی مشق کا آغاز ہوگیا؛ فوٹو: فائل
میونخ: نیٹو اتحاد کی تاریخ میں یورپ کی سب سے بڑی فضائی مشقوں کا آغاز ہوگیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیٹو کے 25 رکن اور شراکت دار ممالک کے 220 فوجی طیاروں اور 10 ہزار اہلکاروں پر مشتمل یورپ کی سب سے بڑی 10 روزہ فضائی مشق کا آغاز ہوگیا جس میں ٹیکٹیکل اور آپریشنل ٹریننگ بھی دی جائے گی۔
نیٹو کی تاریخ کی سب سے بڑی فضائی مشق کی قیادت جرمنی کر رہا ہے جب کہ نیٹو کے رکن ممالک کے ساتھ ساتھ نیٹو رکنیت کے امیدوار جاپان اور سویڈن بھی حصہ لے رہے ہیں۔
امریکی سفیر ایمی گٹمین نے ایک سوال کے جواب میں صحافیوں کو بتایا کہ یہ ایک دفاعی نوعیت کی فوجی مشق ہے جس میں جارحانہ عزائم نہیں۔ ان مشقوں کا مقصد روس اور دیگر ممالک کی اشتعال انگیزی پر انھیں پیغام دینا ہے۔
ایمی گٹمین نے مزید کہا کہ اس مشق کا ایک مقصد بحر اوقیانوس کی بندرگاہوں، ائیرپورٹس اور شہروں کو ڈرونز اور کروز میزائلوں سے تحفظ فراہم کرنا اور دشمن کے حملے کی صورت میں اتحادی ممالک کے تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔