اوورسیز پاکستانی ہمارے سفیر، ملکی ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں: شہباز شریف

آپ کے عزم اور محنت کی بدولت پاکستان کے لیے ترسیلات زر میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے

اسلام آباد: (جاگیر نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان کے سفیر ہیں، اوورسیز پاکستانی شبانہ روز محنت سے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اوورسیز پاکستانیز گلوبل فاؤنڈیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اوورسیزپاکستانیوں کا دل کی گہرائیوں سے شکرگزار ہوں، اوورسیز پاکستانیوں کا ملک میں خیرمقدم کرتے ہیں جو اپنی محنت سے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ آپ کے عزم اور محنت کی بدولت پاکستان کے لیے ترسیلات زر میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے، ترسیلات زر میں اضافے سے زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہوئے ہیں، بیرون ملک سے تربیت حاصل کر کے آپ ملک کے لیے بہترین خدمات انجام دیتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آپ کے تجربے سے ملک و قوم کو فائدہ پہنچتا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں کو محفوظ بنانے کے حوالے سے اقدامات کیے گئے ہیں، حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے کوئی کسرنہیں چھوڑے گی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 2018ء تک پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل صفایا ہو گیا تھا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزارشہادتیں ہوئیں، 80 ہزار شہادتوں میں عام شہری بھی شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے دلیر افسروں، جوانوں اور ان کے بچوں نے بھی قربانیاں دیں، بدقسمتی سے چند سال پہلے ایک حکومت نے دہشت گردوں کو پاکستان آنے دیا، اس سے زیادہ پاکستان دشمنی کوئی نہیں ہوسکتی۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج دوبارہ دہشت گردی سر اٹھا رہی ہے، دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کریں گے، انشااللہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نوازکی قیادت میں اوورسیز کا ادارہ صوبے میں بہترین کام کر رہا ہے، انہوں نے ہدایت کی کہ وزیر خزانہ بیرون ملک پاکستانیوں کے گرین چینل کے معاملے کا جائزہ لیں۔شہباز شریف نے کہا کہ انشااللہ ہم گرین چینل کو دوبارہ بحال کریں گے، بیرون ملک پاکستانیوں کے یوتھ فیسیٹول سے متعلق تجویز کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں