مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال سنگین ہے: صدر اور وزیراعظم

بھارت کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق اور آزادیوں سے محروم کر رہا ہے
اسلام آباد: (جا گیرنیوز) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان نے اپنے اپنے پیغامات جاری کر دیئے۔
صدرمملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال سنگین ہے، بھارت کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق اور آزادیوں سے محروم کر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیری عوام کو شدید ریاستی جبر اور تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے، اقوام متحدہ کشمیریوں سے 77 سال قبل کئے وعدوں کا احترام کرے، پاکستان ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حق خود ارادیت عالمی قانون کا ایک بنیادی اصول ہے، کشمیری خوف اور دہشت کے ماحول میں جی رہے ہیں، دیرینہ تنازعات کو مزید طول نہیں دیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کی حقیقی امنگوں کو دبا کر دیرپا امن حاصل نہیں کیا جا سکتا، جموں و کشمیر کا تنازعہ ہماری خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون رہے گا، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے مفاد میں عالمی برادری کو بھارت پر زور دینا چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کو آزادانہ طور پر اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی اجازت دے۔شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ میں اس موقع پر بہادر کشمیری عوام کے عزم اور حوصلے کو سلام پیش کرتا ہوں، جو اپنے بنیادی حقوق اور آزادیوں کے حصول کیلئے اپنی جدوجہد میں لاتعداد قربانیاں دے رہے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ نہتے کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے جائز حقوق کی جدوجہد کی ہر فورم پر حمایت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا غیر قانونی قبضہ کشمیری عوام کی آزادی کے راستے میں رکاوٹ ہے، پاکستان اقوام متحدہ کے ذریعے کشمیر کے مسئلے کا حل چاہتا ہے، پاکستانی حکومت اور عوام کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کی آواز بن کر ان کی جدو جہد کا حصہ رہے گا۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق حاصل ہے، کشمیر کا مسئلہ صرف کشمیریوں کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے خطے کا مسئلہ ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر علاقے میں پائیدار امن کا خواب حقیقت میں نہیں بدل سکتا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں