پاکستانی پائلٹس کی تربیت: پاکستان اورآ ئی ایف اے ایل پی اے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
پاکستان کے قونصل جنرل فیصل ابڑو نے انٹرنیشنل فیڈریشن آف ایئر لائن پائلٹس ایسوسی ایشنز کے صدر کیپٹن رون ہائے سے ملاقات
ویب ڈیسک
مونٹریال:(جاگیرنیور) پاکستان کے قونصل جنرل فیصل ابڑو نے انٹرنیشنل فیڈریشن آف ایئر لائن پائلٹس ایسوسی ایشنز (آئی ایف اے ایل پی اے) کے صدر کیپٹن رون ہائے سے ملاقات کی، جو پاکستان اور آئی ایف اے ایل پی اے کے درمیان تعاون کے امکانات پر بات چیت کے لیے خصوصی طور پر امریکا سے مونٹریال پہنچے۔ملاقات میں ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے، پیشہ ورانہ تعاون بڑھانے اور پاکستانی پائلٹس کے لیے خصوصی تربیت و استعداد کار کے پروگرامز کے اجرا کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بات چیت میں فلائٹ سیفٹی کے فروغ، آپریشنل معیار کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستانی پائلٹس کو بدلتے ہوئے بین الاقوامی ایوی ایشن اسٹینڈرڈز کے مطابق جدید معلومات، مہارتوں اور بہترین طریقہ کار سے آراستہ کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ملاقات کو پاکستان کی ایوی ایشن کمیونٹی اور آئی ایف اے ایل پی اے کے درمیان قریبی تعاون کی جانب ایک اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا گیا، جس کا مقصد پیشہ ورانہ معیار، پائلٹ ڈویلپمنٹ اور پاکستان کے ہوا بازی کے شعبے میں سیفٹی کلچر کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ملاقات میں بتایا گیا کہ آ ئی ایف اے ایل پی اے کی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ بھی کرے گی، جس کے دوران باہمی تعاون کے مزید امور پر پیش رفت متوقع ہے۔




