اپنی بیٹی کے نام پر 667 ٹیٹوز بنوا کر باپ نے عالمی ریکارڈ قائم کرلیا
-فائل :فوٹو
لندن: ایک برطانوی والد نے اپنی بیٹی کے نام کا ٹیٹو اپنے جسم پر 667 بار بنوا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 49 سالہ مارک اوون ایونز نے اصل میں 2017ء میں اپنے جسم پر ایک ہی نام کے سب سے زیادہ ٹیٹو بنوانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا جب انہوں نے اپنی بیٹی لوسی کے نام کا ٹیٹو پیٹھ پر 267 بار بنوایا۔تاہم ایونز نے 2020ء میں یہ ریکارڈ اس وقت کھو دیا جب ایک امریکی شہری ڈیڈرا ویگل نے اپنے جسم پر 300 بار اپنے نام کا ٹیٹو بنوادیا۔ یہ دیکھتے ہوئے ایونز نے مزید 400 لوسی نام کے ٹیٹوز مزید بنوا کر عالمی ریکارڈ کا ٹائٹل دوبارہ حاصل کیا۔ایونز نے گنیز ورلڈ ریکارڈ کو بتایا کہ میں ریکارڈ واپس لینے اور اسے اپنی بیٹی کے نام کرنے کا انتظار نہیں کر سکتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ابتدائی طور پر اپنی بیٹی کی پیدائش کا جشن منانے اور اس ہسپتال کے لیے رقم جمع کرنے کیلئے ریکارڈ قائم کیا جس نے اس کی زندگی کے پہلے چند مہینوں میں اس کی دیکھ بھال کی۔