بجلی و پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف جماعت اسلامی کا کراچی میں احتجاج
جاگیرداروں پر ٹیکس لگا کر پٹرول کی قیمتوں کو کم کیا جائے، حافظ نعیم
پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پرامن احتجاج کیا جارہا ہے
سرکاری افسران اور وزیروں کے ساتھ کارواں چلتے ہیں، ان گاڑیوں کو فری پٹرول ملتا ہے، جس کی قیمت عوام سے وصول کی جارہی ہے
کراچی: مہنگائی اور بجلی و پٹرول کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کیخلاف جماعت اسلامی نے کراچی میں 15 مقامات پر بھرپور احتجاج کیا۔مظاہرین نے شاہراہ فیصل پر گاڑیاں کھڑی کرکے اور ہارن بجا کر احتجاج ریکارڈ کرایا۔ ایمبولینس کےلئے ایک ٹریک کھلا رہا۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پرامن احتجاج کیا جارہا ہے، سرکاری افسران اور وزیروں کے ساتھ کارواں چلتے ہیں، ان گاڑیوں کو فری پٹرول ملتا ہے، جس کی قیمت عوام سے وصول کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام اپنے اور اپنے بچوں کے بہتر مستقبل،ظالم حکمرانوں سے نجات کے لیے پر امن و منظم مزاحمت اور جدو جہد کریں، نااہل اور کرپٹ حکمرانوں نے ملک کو ڈیفالٹ کے چکر میں 25کروڑ عوام کو ڈیفالٹ کر دیا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر اس جاگیردار طبقے سے بھی ٹیکس لیا جائے تو بجلی و پٹرول کی قیمتیں آدھی ہو سکتی ہیں، جاگیردار طبقے نے پورے سال میں صرف 4ارب روپے جبکہ ملازمت پیشہ طبقے نے 264ارب روپے کا ٹیکس ادا کیا، جاگیرداروں پر ٹیکس لگا کر پٹرول کی قیمتوں کو کم کیا جائے۔