سابق وزیر خارجہ و سپیکر قومی اسمبلی گوہر ایوب انتقال کر گئے
گوہر ایوب کی نمازِ جنازہ کل بروز ہفتہ بعد اد دوپہر ہری پور میں ان کے آبائی گاؤں ریحانہ میں ادا کی جائے گی-گوہر ایوب کی یادگار فائل: فوٹو
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کے والد اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی گوہر ایوب طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔تفصیلات کے مطابق گوہر ایوب کچھ عرصے سے علیل اور اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں آج انہوں نے آخری سانسیں لیں اور زندگی کو ہمیشہ کیلئے الوداع کہا۔گوہر ایوب کی نمازِ جنازہ کل بروز ہفتہ بعد اد دوپہر ہری پور میں ان کے آبائی گاؤں ریحانہ میں ادا کی جائے گی۔پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان کی جانب سے مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان اور اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی ملک و قوم کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا سابق سپیکر قومی اسمبلی گوہرایوب خان کی وفات پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ گوہر ایوب خان کے ساتھ طویل سیاسی رفاقت رہی، اللہ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا سابق ممبر قومی اسمبلی عمر ایوب سے ان کے والد سابق اسپیکر قومی اسمبلی و سابق وزیرخارجہ گوہر ایوب کے انتقال پر تعزیت کا اظہاراسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سابق وزیر خارجہ گوہر ایوب کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ’سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وہ بہت منجھے ہوئے سیاستدان اور مثبت سوچ کے مالک تھے، مرحوم انتہائی نفیس ،ملنسار اور محبت کرنے والے شخص تھے‘۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سوگوار خاندان کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔
نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کا سابق اسپیکر قومی اسمبلی گوہر ایوب کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی، اہل خانہ کیلیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ گوہر ایواب کو پاکستان کی سیاست میں ایک منفرد مقام حاصل تھا، دکھ کی اس گھڑی میں ہماری تمام تر ہمدردیاں گوہر ایوب کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔پاکستان مسلم لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے سابق وزیر خارجہ و سابق اسپیکر قومی اسمبلی گوہر ایوب کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں شجاعت حسین نے کہا کہ گوہر ایوب کا ملکی سیاست میں اہم کردار رہا ہے، قابلیت، نفاست اور ایمان داری ان کی شخصیت کا خاصا تھی۔انہوں نے کہا کہ گوہر ایوب کے انتقال سے ملکی سیاست میں ایک خلا پیدا ہوا ہے۔انہوں کہا کہ ملک و قوم کے لیے مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دعاہے کہ اللہ تعالیٰ ان کو جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔