پاکستان تحریک انصاف کو مبینہ غیرقانونی فنڈنگ میں مزید 18 کمپنیاں ملوث نکلیں
فائل فوٹو
کراچی: ایف آئی اے کو مزید 18 کمپنیوں کے پی ٹی آئی کو مبینہ غیر قانونی فنڈنگ میں ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔
ذرائع کےمطابق الیکشن کمیشن کی ہدایت پر پی ٹی آئی کو ہونے والی غیر قانونی فنڈنگ کی تحقیقات کے دوران ایف آئی اے حکام کو مزید 18 کمپنیوں کے حوالے سے شواہد ملے ہیں، جس کے بعد تحریک انصاف کو مبینہ غیرقانونی فنڈنگ کرنے والی کمپنیوں کی تعداد 25 ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ 25کمپنیوں میں سے صرف11کمپنیاں سکیورٹیزاینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں رجسٹرڈ ہیں، ان رجسٹرڈ اور نان رجسٹرڈ کمپنیوں نے پی ٹی آئی کو مبینہ طور پرکروڑوں روپے کی غیر قانونی فنڈنگ کی۔
ان کمپنیوں میں سے 7 کمپنیاں کراچی،2 لاہور اور 2 پشاور کمپنیز رجسٹرڈ آفس میں رجسٹرڈ ہیں، انکوائری ٹیم نے ان 18 رجسٹرڈ اورنان رجسٹرڈ کمپنیوں کو کال اپ نوٹسزجاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، قبل ازیں ایف آئی اے حکام 7کمپنیوں کو کال اپ نوٹس جاری کرچکے ہیں،کال اپ نوٹسزپرپیش نہ ہونے والی 7 کمپنیوں کے خلاف کارروائی متعلقہ عدالت کے احکامات پر کی جائے گی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ 7کمپنیوں کے اکاؤنٹس سے پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل سیکرٹریٹ میں رقم جمع کروائی گئی اور تمام کمپنیوں کی پی ٹی آئی کو فنڈںگ مبینہ طورپرفارن فنڈنگ سےمنسلک ہے۔