لیونل میسی کی انٹر میامی فٹبال کلب جوائن کرنے کی تصدیق
ارجنٹائن : (ویب ڈیسک ) دُنیائے فٹ بال کے سٹار کھلاڑی اور ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کو خیر باد کہنے کے بعد امریکی فٹ بال کلب ” انٹر میامی ” کو جوائن کررہے ہیں۔
دنیائے فٹ بال کے شائقین بے تابی سے منتظر تھے کہ فٹ بال سٹار لیونل میسی فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کو خیرباد کہنے کے بعد کون سے کلب کو جوائن کریں گے، اور آخر کار انہوں نے فیصلہ کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سٹار فٹبالر پیرس سینٹ جرمن (پی ایس جی) کلب سے معاہدہ ختم ہونے کے بعد سعودی کلب الہلال کو جوائن کریں گے تاہم لیونل میسی نے پُر کشش آفر کو ٹھکرا کر امریکی فٹبال کب انٹر میامی کو جوائن کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔
میسی نے تصدیق کی ہے کہ پی ایس جی سے جون میں معاہدہ ختم ہونے کے بعد اگلے سیزن میں وہ انٹر میامی کے ساتھ منسلک ہونگے اور یورپ چھوڑنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سچ ہے کہ مجھے ایک اور یورپی ٹیم کی طرف سے پیشکشں تھی لیکن اس کے بارے میں سوچا بھی نہیں کیونکہ یورپ میں رہنے سے مراد بارسلونا جانا تھا۔
میسی نے کہا کہ ورلڈ کپ جیتنے کے بعد بارسلونا نہ جانے کا مقصد یہ تھا کہ میامی میں فٹ بال کھیلا جائے اور زندگی سے لطف اندوز ہوا جائے یقینی طور پر اسی ذمہ داری اور جیتنے کی خواہش کے ساتھ، لیکن زیادہ پرسکون طریقے سے کھیلا جائے۔
میڈیا رپورٹس میں متعدد بار خبریں سامنے آئیں تھی کہ میسی بارسلونا جانے کے خواہشمند ہیں تاہم کلب کی موجودہ مالی حالت وہ یہ اقدام اٹھانے سے قاصر ہیں۔
واضح رہے کہ میسی کے کیریئر کا یہ پہلا موقع ہوگا کہ وہ یورپ سے باہر کسی کلب سے کھیلیں گے تاہم انٹرمیامی کلب کے ساتھ معاہدے کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق 35 سالہ میسی نے پی ایس جی کے لیے دو سیزن کھیلے اور اس کلب کے لیے ہفتے کو ان کا آخری میچ تھا ، میسی نے پی ایس جی کو 2021ء میں جوائن کیا تھا،پی ایس جی نے گذشتہ ہفتے میسی کے کلب چھوڑنے کی تصدیق کی تھی۔