کراچی،ضلع وسطی میں تیز بارش سے سڑکیں زیرآب، نالے اوور فلو ہوگئے

فوٹو:

کراچی: خلیج بنگال سے آنے والے مون سون سسٹم کے تحت تیزبارش سے شہر کے کئی علاقوں میں جل تھل ایک ہوگیا، ضلع وسطی میں کئی مقامات پر اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی۔

نیوز کے مطابق صبح سے جاری تیز گرمی اور حبس کے بعد سہ پہر سے شہر کے مضافاتی علاقوں سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو ضلع وسطی تک پھیل گیا۔

تیز بارش سے ضلع وسطی سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں سخی حسن،یوپی اورناگن چورنگی پربارش کا پانی جمع ہوگیا ہے، جبکہ کچھ مقامات پراربن فلڈنگ کی صورتحال بھی دیکھنے میں آئی، سب سے زیادہ بارش نارتھ کراچی میں 41.6ملی میٹرریکارڈ ہوئی۔

تیز بارش کے بعد نارتھ کراچی دومنٹ چورنگی ، پاور ہاوس چورنگی اور فور کے چورنگی کے ساتھ متعدد سڑکیں زیرآب آگئیں، جبکہ ناگن چورنگی کے اطراف میں برساتی نالے ابل پڑ ے، شادمان 14 اے کا نالہ اوور فلو ہونے کے باعث نالے کے اطراف کی دیوار بھی گر گئی۔

تیز بارش اور سڑکیں زیرآب آجانے کی وجہ سے متعدد موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں بند ہوگئیں جس کی وجہ سے دفاتر سےو اپس گھروں کو جانے والے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

شہر کے مضافاتی علاقوں گلشن معمار،موٹروے ایم نائن،گڈاپ ٹاؤن،سپرہائی وے اورگلشن معمار اسکیم 33 میں بھی کہیں ہلکی وکہیں درمیانی بارش ہوئی۔

کچھ مقامات پرصرف بونداباندی اورپھوار پڑی، تاہم بیشترعلاقوں میں کالی گھٹائیں چھائی رہیں اوریونیورسٹی روڈ اورکراچی ایئرپورٹ سمیت دیگرعلاقوں میں تندوتیزہوائیں چلتی رہیں۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعدادوشمارکے مطابق سب سے زیادہ بارش نارتھ کراچی میں 41.6ملی میٹرریکارڈ ہوئی، گلشن معمار میں 16.2ملی میٹر، گلشن حدید،اورنگی ٹاون میں 2ملی میٹر، سعدی ٹاون میں 1.5ملی میٹر،یونیورسٹی روڈ پر1.3ملی میٹربارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری نئی پیش گوئی کے مطابق خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں مسلسل ملک میں داخل ہورہی ہیں،اس کے زیراثرکراچی میں 22سے24 جولائی کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اورآندھی چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہرکے درجہ حرارت میں گذشتہ روز کے مقابلے میں 1.1ڈگری اضافہ رہا،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.1ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں