ویتنام کی 10 منزلہ عمارت میں خوفناک آتشزدگی؛30 افراد ہلاک اور20 زخمی

ویتنام کی رہائشی عمارت میں آتشزدگی میں 30 افراد جل کر ہلاک ہوگئے، فوٹو: فائل

ہنوئی: ویتنام کے ایک رہائشی اپارٹمنٹ میں لگنے والی آگ میں 3 بچوں سمیت 30 افراد بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے جب کہ 20 شدید زخمی ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ویتنام کی کثیرالمنزلہ رہائشی عمارت کی پہلی منزل پر واقع پارکنگ میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی جہاں درجنوں موٹر سائیکلیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔پارکنگ ایریا میں لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے دوسری اور تیسری منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
امدادی کاموں کے دوران خوفناک آگ میں پھنسے 70 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا جب کہ 54 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں 30 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی۔ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہلاکتیں بری طرح جھلس جانے اور دم گھٹنے کے باعث ہوئیں۔ 20 زخمیوں میں سے 9 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔گنجان آباد علاقے میں واقع اس فلیٹ کی بالکونیاں چھوٹی اور لوہے کی گرل سے بند تھیں۔ آگ میں پھنسے افراد کے باہر نکلنے کا کوئی راستہ نہیں تھا اور امدادی کاموں میں بھی جگہ کی تنگی رکاوٹ تھی۔یاد رہے کہ ویتنام میں ہی ایک سال قبل 3 منزلہ بار میں آگ لگنے سے 32 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے تھے۔ 2018ء میں ایک اپارٹمنٹ میں آگ لگنے سے 13 جب کہ 2016ء میں ہنوئی میں بھی ایسے ہی حادثے میں اتنے ہی افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں