چین افغانستان میں سفیر تعینات کرنے والا پہلا ملک بن گیا

نئے چینی سفیر افغانستان کے قائم مقام وزیراعظم محمد حسن اخوند کو اپنی اسناد پیش کررہے ہیں ( تصویر بشکریہ بخترنیوز ایجنسی )

طالبان حکومت کو کسی ملک نے ابھی تک باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا
کراچی: طالبان کے زمام اقتدار سنبھالنے کے بعد چین افغانستان کے لیے سفیر تعینات کرنے والا پہلا ملک بن گیا۔چینی سفیر نے کابل میں منعقدہ تقریب میں اپنی سفارتی اسناد قائم مقام وزیراعظم محمد حسن اخوند کو پیش کیں جس کے بعد چین طالبان کے دور میں افغانستان میں سفیر بھیجنے والا دنیا کا اولین ملک بن گیا۔افغان وزارت خارجہ کے ترجمان نے غیرملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چینی سفیر ژاؤ چنگ نے اپنی ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔واضح رہے کہ اگست 2021 ءمیں افغانستان پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد سے طالبان حکومت کو کسی ملک نے ابھی تک باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا، اور چین نے بھی ایسا کوئی اشارہ نہیں دیا کہ سفیر کی تعیناتی طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کی جانب کوئی پیشرفت ہے۔سفیر کی تعیناتی کے حوالے سے چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ افغانستان کے لیے چینی سفیر کی معمول کی تبدیلی ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان بات چیت اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ افغانستان کے لیے چین کی پالیسی واضح اور پائیدار ہے۔افغانستان کے لیے چین کے سابق سفیر وانگ وو تھے جنہوں نے 2019ء میں اپنی ذمے داریاں سنبھالی تھیں، وہ گذشتہ ماہ اپنی ذمے داریوں سے سبکدوش ہوئے تھے۔کابل میں اگرچہ مختلف ممالک کے سفرا موجود ہیں تاہم وہ طالبان کے اقتدار سنبھالنے سے پہلے ہی افغانستان میں تعینات تھے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں