یوکرین میں روس کیخلاف مغربی سامراج کو شکست ہوگی، شمالی کوریا

شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ اُن نے مغربی سامراج کو ’بدی‘ سے تعبیر کیا، فوٹو: ٹوئٹر

کم جونگ اُن اپنی بُلٹ پروف ٹرین کے ذریعے غیر معمولی دورے پر روس پہنچ گئے
ماسکو: شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ اُن نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ یوکرین جنگ میں برائی کے خلاف روس کی فتح ہوگی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ اُن اپنی بُلٹ پروف ٹرین کے ذریعے غیر معمولی دورے پر روس پہنچ گئے اور صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کی۔صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات میں کم جونگ اُن نے یوکرین میں مغربی ممالک کو ’’برائی‘‘ سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک کے مقابل فتح روسی فوج اور عوام کی ہوگی۔شمالی کوریا کے حکمراں نے یوکرین جنگ میں ہر ممکن مدد اور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ یوکرین میں مغربی سامراج کے توسیع پسندانہ عزائم کو شکست ہوگی۔روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کم جونگ اُن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وعدہ کیا کہ ان کا ملک سیٹلائٹ بنانے میں شمالی کوریا کی مدد کرے گا اور دونوں ممالک اس معاملے پر بات چیت جاری رکھیں گے۔دوسری جانب مغربی ممالک کی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے شُبہ ظاہر کیا ہے کہ روس اپنی فوجی استعداد بڑھانے کے لیے شمالی کوریا سے ہتھیار اور گولہ بارود حاصل کرنا چاہتا ہے جس کا یوکرین میں استعمال کرے گا۔روس اور شمالی کوریا نے مغربی ممالک کے ان خدشات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملاقات میں ہتھیاروں کی خرید و فروخت پر کوئی بات نہیں ہوئی۔شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ اُن کی روس آمد پر صدر پوٹن نے ضیافت میں بطخ اور انجیر کا سلاد، کیکڑے کے پکوڑے، اسٹرجن اور گائے کے گوشت کے ساتھ روسی شراب پیش کی۔کم جونگ اُن نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ان کی صحت سے متعلق دریافت کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ناشتے میں ٹوسٹ کھانے کی تجویز بھی دیدی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں