نواز شریف کی گرفتاری سے متعلق میرے بیان کو سیاسی رنگ دیا گیا، نگراں وزیر داخلہ
نگراں وزیرداخلہ بیان دینے سے قبل سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کا انجام دیکھ لیں، رانا ثناء-فوٹو : فائل
کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، واپسی پر نواز شریف کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائےگا،سرفراز بگٹی
اسلام آباد: نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ نواز شریف کی گرفتاری سے متعلق میرے بیان کو سیاسی رنگ دیا گیا حالاں کہ نگران حکومت کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے، وطن واپس پر نواز شریف کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائےگا۔نواز شریف کی گرفتاری سے متعلق پرانے دیئے گئے بیان پر وضاحت دیتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ میرے گزشتہ بیان کو درست انداز میں پیش نہیں کیا گیا، مجھ سے نواز شریف کی گرفتاری سے متعلق سوال کیا گیا تو اس کا میں نے جواب دیا جسے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔انہوں ںے کہا کہ کسی بھی ملزم کی وطن واپسی پر ریاست کا اپنا انتظام ہوتا ہے، نواز شریف سابق وزیراعظم ہیں جو کہ وطن واپس آرہے ہیں ان پر عدالتوں میں مقدمات زیر سماعت ہیں اس معاملے سے وزارت داخلہ کا کوئی لینا دینا نہیں ہے، میرے بیان کو سیاسی رنگ دیا گیا حالاں کہ نگران حکومت کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ نواز شریف پاکستان کی سیاست میں واپس آنا چاہتے ہیں، عوام کا بڑا حصہ ان کے استقبال کی تیاریوں میں مصروف ہے، وطن واپسی پر نواز شریف کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا، ہمیں مفروضوں سے باہر نکل کر معاملات کو حقیقت کے آئینے سے دیکھنا ہوگا۔