دہشت گردی کے خلاف پاک چین یکجہتی
تحریرحمید علی
دہشت گردی آج محض کسی ایک ریاست کا داخلی مسئلہ نہیں رہی بل کہ یہ عالمی امن، علاقائی استحکام اور بین الاقوامی سلامتی کے لیے ایک سنگین چیلنج بن چکی ہے۔ اس خطرے کی بدلتی ہوئی نوعیت نے دنیا کو ایک ایسے دوراہے پر لا کھڑا کیا ہے جہاں محض مذمتی بیانات اور روایتی سفارتی یقین دہانیاں کافی نہیں رہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف اپنے طرزِ عمل میں یکسانیت پیدا کرے اور سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہو کر ایسے عناصر کے خلاف عملی اقدامات کرے جو معصوم انسانوں کے خون سے اپنے مقاصد کی تکمیل چاہتے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں حالیہ بحث نے ایک بار پھر اسی عالمی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔سلامتی کونسل کے اجلاس میں چین کے مندوب سن لی نے پاکستان میں ہونے والے حالیہ خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور اس کے ذیلی دھڑے مجید بریگیڈ کو اقوامِ متحدہ کی پابندیوں کی فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تنظیمیں اپنی کارروائیوں کی صلاحیت میں اضافہ کر رہی ہیں اور علاقائی تنازعات سے فائدہ اٹھا کر اپنے اثر و رسوخ کو وسعت دے رہی ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جدوجہد کی بھرپور حمایت کرے۔ یہ مؤقف پاکستان کے اس دیرینہ مطالبے کی اہمیت کو بھی نمایاں کرتا ہے کہ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف عالمی سطح پر محض تشویش کا اظہار نہیں بل کہ قابلِ عمل اقدامات کیے جائیں۔اجلاس میں افغانستان کی سرزمین پر سرگرم دہشت گرد گروہوں کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔ سلامتی کونسل کی سربراہ سانیتا پاولیوٹا ڈیس لینڈیس نے داعش خراسان کی سرحد پار سرگرمیوں اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے پیدا ہونے والے خطرات کی نشاندہی کی۔ ان کے مطابق افغانستان میں موجود دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیاں رکن ممالک کی سلامتی کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔ پاکستان کا مؤقف بھی یہی رہا ہے کہ افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گرد کارروائیاں نہ صرف اس کی خودمختاری کے لیے خطرہ ہیں بل کہ پورے خطے کے امن کو متاثر کر سکتی ہیں۔ اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سید حیدر شاہ نے بھی بدلتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے عالمی انسدادِ دہشت گردی کے نظام میں مؤثر اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔پاکستان کے لیے یہ مسئلہ محض سفارتی مباحثے کا موضوع نہیں بل کہ ایک تلخ قومی تجربہ ہے۔ بلوچستان میں بی ایل اے اور اس سے وابستہ عناصر کی کارروائیوں نے عام شہریوں، مزدوروں، مسافروں اور سکیورٹی اہلکاروں کو مسلسل نشانہ بنایا ہے۔ اسی طرح خیبر پختونخوا میں ٹی ٹی پی کی دہشت گردانہ سرگرمیاں امن و استحکام کے لیے بڑا خطرہ بنی ہوئی ہیں۔ کسی بھی تنظیم کو سیاسی نعرے یا نظریاتی جواز کی آڑ میں بے گناہ انسانوں کے قتل کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ حقِ خود ارادیت اور سیاسی جدوجہد اپنی جگہ ایک الگ تصور ہیں مگر معصوم شہریوں کا خون بہانا کسی بھی اصول کے تحت قابلِ قبول نہیں ہو سکتا۔اسی تناظر میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا میران شاہ اور شمالی وزیرستان کا حالیہ دورہ بھی اہمیت رکھتا ہے۔ انہیں سکیورٹی کی صورتِ حال، انٹیلی جنس بنیادوں پر جاری کارروائیوں اور دہشت گردی کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابیوں سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کے عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور خطے میں پائیدار امن برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بلاشبہ سرحدوں کا دفاع اور دہشت گرد نیٹ ورکس کا خاتمہ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ تاہم اس جدوجہد میں ہمارے جوانوں کی قربانیاں اور ان کے اہلِ خانہ کی استقامت بھی قومی تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہیں۔اس کے باوجود یہ حقیقت نظرانداز نہیں کی جا سکتی کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف عسکری کارروائیوں سے نہیں جیتی جا سکتی۔ بندوق دہشت گرد کے حملے کو روک سکتی ہے مگر اس ذہن سازی کا مکمل خاتمہ نہیں کر سکتی جو نوجوانوں کو شدت پسندی کی طرف لے جاتی ہے۔ سابق قبائلی علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی، تعلیمی اداروں کی بہتری، روزگار کے مواقع اور انتظامی انصاف کی فراہمی ناگزیر ہے۔ بلوچستان میں بھی مقامی آبادی کے جائز مسائل کا حل، ترقیاتی منصوبوں میں حقیقی شمولیت اور ریاستی اداروں پر اعتماد کی بحالی ضروری ہے۔ محرومیوں کا احساس شدت پسند عناصر کے لیے بھرتی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ اس لیے ریاست کو طاقت کے ساتھ اعتماد اور ترقی کا راستہ بھی اختیار کرنا ہوگا۔چین کی جانب سے پاکستان کے مؤقف کی حمایت بھی غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔ پاکستان میں چینی شہریوں اور سی پیک سے وابستہ منصوبوں کو متعدد مرتبہ دہشت گرد حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ اقتصادی راہداری دونوں ممالک کے معاشی تعاون کا اہم ستون ہے اور اس کا تحفظ مشترکہ ذمہ داری ہے۔ تاہم پاکستان کو یہ سمجھنا ہوگا کہ دوست ممالک کی سفارتی حمایت اپنی جگہ اہم ہے مگر قومی سلامتی کا مستقل اور مؤثر نظام اپنی داخلی صلاحیتوں، مضبوط اداروں اور مربوط حکمتِ عملی ہی سے تشکیل پاتا ہے۔ عالمی حمایت کو داخلی اصلاحات کا متبادل نہیں بنایا جا سکتا۔


