پاکستان پیپلز پارٹی آئین سے انحراف کسی صورت قبول نہیں کرے گی: نیئر بخاری

نئے صوبوں کی تشکیل آئینی طریقہ کار کے تحت ہونی چاہیے، وزیر داخلہ، وزیر منصوبہ بندی اور وزیر دفاع کے مختلف بیانات کے بجائےوزیراعظم حکومتی مؤقف واضح کریں،نیئر بخاری

نئے صوبوں یا ریفرنڈم کا فیصلہ پارلیمان کا آئینی اختیار ہے، کسی تجارتی گروپ یا غیر پارلیمانی فورم کا نہیں،سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز

اسلام آباد:(جاگیر نیوز)سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کی تشکیل پر کوئی اصولی اعتراض نہیں، تاہم اس کے لیے آئین میں طے شدہ طریقہ کار اختیار کرنا ضروری ہے۔ نئے صوبوں یا ریفرنڈم کا فیصلہ پارلیمان کا آئینی اختیار ہے، کسی تجارتی گروپ یا غیر پارلیمانی فورم کا نہیں۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا مؤقف اور پارٹی پالیسی بالکل واضح ہے۔ پارٹی سربراہ کی حیثیت سے پالیسی بیان کرنا اور حکومتی اقدامات پر ردعمل دینا ان کا سیاسی و جمہوری حق ہے۔ بلاول بھٹو کا بنیادی اعتراض یہ ہے کہ نئے صوبوں جیسے اہم قومی اور آئینی معاملے کو کابینہ اور پارلیمان میں زیر بحث لانے کے بجائے تجارتی گروپس کے سامنے کیوں اٹھایا جا رہا ہے۔نیئر حسین بخاری نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کو بحیثیت سربراہ حکومت اور کپتان کابینہ اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، کابینہ کو اعتماد میں لے کر حکومتی پالیسی واضح کریں اور معاملہ پارلیمان کے سامنے پیش کریں۔ وزیر داخلہ، وزیر منصوبہ بندی اور وزیر دفاع کے مختلف بیانات کے بجائے وزیراعظم کا واضح مؤقف سامنے آنا چاہیے۔ حکومت نے فیصلہ کرنا ہے کہ آئینی راستہ اختیار کرنا ہے یا ماورائے آئین طریقہ اپنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ صدر مملکت اور وزیراعظم کے درمیان ملاقاتیں خوش آئند ہیں۔ آصف علی زرداری کا سیاسی کردار ہمیشہ مفاہمت اور مصالحت پر مبنی رہا ہے۔ ملکی حالات کے تناظر میں ان کا کردار تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئین کی بالادستی، پارلیمان کی خودمختاری اور جمہوری تسلسل پر یقین رکھتی ہے۔ پارٹی کی کمٹمنٹ ہے کہ آئین کے تحت حکومت اپنی مقررہ مدت پوری کرے۔ پیپلز پارٹی جمہوری حکومتوں کے آئینی تسلسل کی حمایت کرتی رہی ہے اور آئین سے انحراف کے کسی معاملے پر خاموش نہیں رہے گی۔انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ سیاسی دھمکیوں کے بجائے اپنے اعتراضات متعلقہ آئینی فورمز، اسپیکر یا الیکشن کمیشن میں پیش کریں۔ پیپلز پارٹی دھمکیوں سے مرعوب ہونے والی جماعت نہیں۔ بروڈ میجارٹی اور بروٹر میجارٹی میں فرق ہے، سیاسی حمایت کو پارلیمانی اکثریت کا متبادل قرار نہیں دیا جا سکتا۔نیئر حسین بخاری نے کہا کہ 2024ء کے انتخابات کے بعد 47 اور 45 کے حوالے سے بحث بھی سیاسی منظرنامے کا حصہ ہے۔ پیپلز پارٹی کا مؤقف واضح ہے کہ انتخابی اور پارلیمانی معاملات آئینی فورمز پر طے ہونے چاہئیں۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں