خلا میں پاکستان کی پرواز:پاک چین دوستی کی نئی معراج

تحریر:حمید علی

قوموں کی تاریخ میں بعض لمحات ایسے ہوتے ہیں جو محض ایک خبر یا واقعہ نہیں ہوتے بل کہ آنے والی نسلوں کے خوابوں کو نئی سمت اور قومی حوصلوں کو نئی پرواز عطا کرتے ہیں۔ یہ لمحات کسی قوم کے عزم اور صلاحیت کا اعلان بن کر تاریخ کے صفحات میں ہمیشہ کے لیے محفوظ ہو جاتے ہیں۔ پاکستان کے لیے بھی ایسا ہی ایک تاریخی اور قابلِ فخر لمحہ آنے والا ہے جب پاک فضائیہ کے باصلاحیت پائلٹ محمد ذیشان علی چین کے شینژو 24 خلائی مشن کے ذریعے خلا میں قدم رکھنے والے پہلے پاکستانی بننے جا رہے ہیں۔ یہ محض ایک فرد کا خلائی سفر نہیں بلکہ پاکستان کے قومی وقار اور سائنسی مستقبل کی ایک نئی منزل ہے۔
24 نومبر 2026ء کو چین کے جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں ہونے والی پریس کانفرنس میں اس تاریخی مشن کی تفصیلات سامنے آئیں۔ چالیس سالہ محمد ذیشان علی چین کے دو خلابازوں تانگ ہونگ بو اور وو یی کے ساتھ خلائی سفر کا حصہ ہوں گے۔ ان کا کردار پے لوڈ اسپیشلسٹ کا ہوگا۔ طے شدہ پروگرام کے مطابق خلائی جہاز 25 نومبر کو بیجنگ کے مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 18 منٹ پر روانہ ہوگا۔ پاکستانی وقت کے مطابق یہ صبح 5 بج کر 18 منٹ ہوں گے۔ اس مشن کے دوران ذیشان علی تقریباً ایک ہفتہ چین کے تیان گونگ خلائی اسٹیشن پر گزاریں گے جہاں وہ چینی خلابازوں کے ساتھ مختلف سائنسی تجربات اور تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔یہ کامیابی اس اعتبار سے بھی غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے کہ پاکستان چین کے انسانی خلائی پروگرام میں پہلی مرتبہ اپنے کسی شہری کو خلا میں بھیج رہا ہے۔ چین کی جانب سے کسی غیر ملکی خلاباز کو اپنے عملے کے ساتھ خلائی سفر کا موقع دینا بھی ایک اہم پیش رفت ہے۔ چینی خلائی ادارے کے مطابق یہ چین کے انسان بردار خلائی پروگرام کی تاریخ میں چینی اور غیر ملکی خلابازوں کی پہلی مشترکہ پرواز ہوگی۔ اس طرح یہ مشن صرف پاکستان کے لیے نہیں بلکہ چین کے خلائی تعاون کے سفر میں بھی ایک نئے باب کا آغاز ہے۔اس تاریخی پیش رفت کا ایک دوسرا اور نہایت اہم پہلو پاکستان اور چین کی لازوال دوستی ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات محض سفارتی بیانات یا اقتصادی معاہدوں تک محدود نہیں رہے بل کہ وقت کے ساتھ ساتھ دفاع، تجارت، توانائی، تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں ایک مضبوط شراکت داری کی صورت اختیار کر چکے ہیں۔ چین نے پاکستان کو ہمیشہ ایک قابلِ اعتماد دوست اور شراکت دار کی حیثیت سے اہمیت دی ہے۔ آج اسی دوستی کا دائرہ زمین سے آگے خلا تک پھیل رہا ہے۔پاک چین دوستی کو اکثر ہر موسم کی دوستی کہا جاتا ہے۔ یہ تعلق مختلف ادوار میں آزمائشوں سے گزرا مگر باہمی اعتماد اور تعاون کی بنیاد پر مزید مضبوط ہوتا چلا گیا۔ چین کی جانب سے پاکستانی خلاباز کو اپنے خلائی مشن میں شامل کرنا اس دوستی کا ایک ایسا عملی اظہار ہے جس کی علامتی اہمیت بھی بہت گہری ہے۔ یہ اقدام ظاہر کرتا ہے کہ دونوں ممالک مستقبل کے سائنسی اور تکنیکی چیلنجوں کا سامنا مشترکہ کوششوں سے کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ یہ دوستی اب سمندروں اور پہاڑوں سے آگے خلا کی وسعتوں میں بھی اپنا نشان ثبت کرنے جا رہی ہے۔پاکستان کو بھی چاہیے کہ وہ اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نوجوانوں کے لیے خلائی سائنس، انجینئرنگ، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تحقیق کے مواقع بڑھائے۔ جامعات میں سائنسی تعلیم کو فروغ دیا جائے اور سپارکو کے پروگراموں کو مزید وسعت دی جائے۔ چین کے ساتھ خلائی تعاون کو تربیت، مشترکہ تحقیق اور ٹیکنالوجی کی منتقلی تک پھیلایا جائے تاکہ مستقبل میں پاکستان صرف دوسرے ممالک کے خلائی مشنوں میں شرکت کرنے والا ملک نہ رہے بل کہ اپنی سائنسی صلاحیت کے بل پر بھی نمایاں مقام حاصل کر سکے۔محمد ذیشان علی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے لیے خلا میں نہیں جا رہے بلکہ اپنے کندھے پر پاکستان کا نام اور پچیس کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں لے کر جا رہے ہیں۔ ان کے یہ الفاظ دراصل ایک فرد کے جذبات نہیں بلکہ پوری قوم کے احساسات کی ترجمانی کرتے ہیں۔ ایک ایسے ملک کے شہری کا یہ عزم یقیناً قابلِ تحسین ہے جو اپنے سفر کو ذاتی کامیابی کے بجائے قومی اعزاز سمجھتا ہے۔بلاشبہ محمد ذیشان علی کا خلا کی جانب سفر پاکستان کی تاریخ کا ایک قابلِ فخر سنگِ میل ہے۔ یہ قومی وقار کی بلندی اور پاک چین دوستی کی ایک نئی علامت ہے۔ جب وہ تیان گونگ خلائی اسٹیشن سے زمین کی طرف دیکھیں گے تو اس منظر میں انہیں صرف سرحدیں اور جغرافیے دکھائی نہیں دیں گے بل کہ ایک ایسی قوم کی امیدیں بھی نظر آئیں گی جو مشکلات کے باوجود آگے بڑھنے کا حوصلہ رکھتی ہے۔آج پاکستان کا پرچم زمین سے بلند ہو کر خلا کی وسعتوں میں اپنی شناخت قائم کرنے جا رہا ہے۔ یہ پرواز ہمیں پیغام دے رہی ہے کہ قومیں وسائل کی کمی سے نہیں بلکہ خواب دیکھنا چھوڑ دینے سے پیچھے رہ جاتی ہیں۔ ذیشان علی کا سفر ایک نئے عہد کا آغاز ثابت ہو سکتا ہے۔ دعا ہے کہ یہ تاریخی مشن کامیابی سے مکمل ہو اور پاکستان و چین کی دوستی سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں نئی بلندیوں کو چھوتی رہے۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں