آزادی اظہار اور شہریوں کی نجی زندگی کا تحفظ، آئینی توازن برقرار رکھنا ہوگا،وزیر قانون
آن لائن مواد کے حوالے سے حکومت کی چار واضح سرخ لکیریں دہشتگردی،نفرت انگیز مواد ہیں، محسن نقوی
ہر شہری کو حکومت پر تنقید کا حق حاصل ہے تاہم اسے دہشت گردی، تشدد اور نفرت کے فروغ کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا، کنڈی
پاکستان میں بھی صارفین کو وہی معیارِ تحفظ، فوری ردعمل اور شکایات کے ازالے کی سہولت فراہم کرنی چاہیے جو وہ یورپی یونین جیسے خطوں میں دیتی ہیں، ڈاکٹر عابد سلہری

رپورٹ: عبدالمالک
اسلام آباد: ( جاگیر نیوز)وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل دور میں آزادی اظہار اور معلومات تک رسائی کے بنیادی حقوق کے ساتھ شہریوں کی نجی زندگی، عزت، شہرت اور وقار کا تحفظ بھی ضروری ہے۔ ان حقوق کے درمیان آئینی توازن برقرار رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔وہ منگل کو پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام ”سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور حقائق کے بعد کا دور“ کے موضوع پر منعقدہ بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے باعث جھوٹی اور گمراہ کن خبریں چند سیکنڈ میں لاکھوں افراد تک پہنچ جاتی ہیں جبکہ ان کے نقصانات کا ازالہ ممکن نہیں ہوتا۔ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے حکومت، سوشل میڈیا کمپنیوں، صحافیوں، ماہرین اور صارفین کو مشترکہ ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔آئینِ پاکستان کے آرٹیکلز 4، 9 اور 14 کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے زندگی، آزادی، عزت اور وقار کے تحفظ کو بنیادی حقوق قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ صحافیوں، ماہرین اور میٹا سمیت عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں سے 18 ماہ کی مشاورت کے بعد پاکستان نے سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی قائم کی اور PECA میں اصلاحات کیں، تاکہ عالمی معیارات کو ملکی سلامتی اور معاشرتی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ آن لائن مواد کے حوالے سے حکومت کی چار واضح سرخ لکیریں دہشت گردی، نفرت انگیز مواد، تشدد پر اکسانا اور بچوں کا جنسی استحصال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف بھاری قربانیاں دے چکا ہے تاہم حکومت پر تنقید اور اختلافِ رائے کی آزادی برقرار رہنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ انسدادِ دہشت گردی کے محکمے کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بھیجی جانے والی درخواستوں میں سے تقریباً 47 فیصد پر کارروائی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ نظام کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، او ٹی ٹی سروسز اور بڑے مواد تخلیق کرنے والوں کی رجسٹریشن، پاکستان میں بااختیار نمائندوں کی نامزدگی اور پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے سائبر کرائم شکایات کی نگرانی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی رابطے اور نوٹس سے شروع ہوگی جبکہ پورے پلیٹ فارم کی بندش آخری راستہ ہوگا۔ حکومت 30 دسمبر کو اقدامات پر عمل درآمد کا جائزہ لے گی۔خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کردہ جعلی چہرے، آوازیں اور شواہد سچ اور جھوٹ میں فرق کرنا مشکل بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا نے دہشت گردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دی ہیں اور نفرت انگیز بیانیے اکثر تشدد کو جنم دیتے ہیں۔ آزادی اظہار جمہوریت کی بنیاد ہے اور ہر شہری کو حکومت پر تنقید کا حق حاصل ہے تاہم اسے دہشت گردی، تشدد اور نفرت کے فروغ کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے خیبر پختونخوا کو امن، سیاحت، تجارت اور ٹیکنالوجی کے مرکز کے طور پر اجاگر کرنے اور آن لائن ہراسانی، دھمکیوں اور فراڈ کے متاثرین کو فوری انصاف فراہم کرنے کے لیے مؤثر نظام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے PECA پر منصفانہ اور شفاف عمل درآمد کو ناگزیر قرار دیا۔
ایس ڈی پی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے کہا کہ عالمی سوشل میڈیا کمپنیوں کو پاکستان میں بھی اپنے صارفین کو وہی معیارِ تحفظ، فوری ردعمل اور شکایات کے ازالے کی سہولت فراہم کرنی چاہیے جو وہ یورپی یونین جیسے خطوں میں دیتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ آزادی اظہار کا مطلب جواب دہی سے آزادی نہیں؛ جائز اختلافِ رائے، سیاسی تنقید اور آزاد صحافت کا تحفظ ضروری ہے جبکہ دہشت گردوں کی بھرتی، تشدد پر اکسانے اور دانستہ کردار کشی کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔انہوں نے سوشل میڈیا کمپنیوں کی مقامی نمائندگی، بااختیار فوکل پرسنز، قانونی درخواستوں کے بروقت جواب اور مقامی زبانوں میں مواد کی مؤثر نگرانی کے لیے مستقل ادارہ جاتی نظام قائم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ غلط معلومات کا مقابلہ حکومت، میڈیا، ٹیکنالوجی کمپنیوں، محققین اور سول سوسائٹی کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ ایس ڈی پی آئی سیمینار کی تجاویز کو یکجا کر کے قابلِ عمل پالیسی سفارشات مرتب کرے گا اور متعلقہ وزارتوں، ضابطہ کار اداروں، سوشل میڈیا کمپنیوں اور سول سوسائٹی کے درمیان مستقل مشاورت کا نظام قائم کرنے کی تجویز بھی دے گا۔


