عمران خان نے سائفر کیس میں فرد جرم کی کارروائی چیلنج کردی

مقدمے کی نقول تقسیم کرنے کے سات دن بعد چارج فریم کیا جا سکتا ہے، ٹرائل کورٹ نے قانونی تقاضے کو بھی مدنظر نہیں رکھا-فوٹو : فائل

ٹرائل کورٹ نے جلد بازی میں فرد جرم عائد کی اور ٹرائل بھی جلد مکمل کرنا چاہتی ہے،درخواست
اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سائفر کیس میں فرد جرم کی کارروائی اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سائفر لیک کیس میں وکیل سلمان صفدر اور خالد یوسف کے ذریعے ایک درخواست دائر کی ہے جس میں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست میں مدعی مقدمہ یوسف نسیم کھوکھر اور ریاست کو فریق بنایا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق مقدمے کی نقول تقسیم کرنے کے سات دن بعد چارج فریم کیا جا سکتا ہے لیکن ٹرائل کورٹ نے سات دن کے قانونی تقاضے کو بھی مدنظر نہیں رکھا، ٹرائل کورٹ نے جلد بازی میں فرد جرم عائد کی اور ٹرائل بھی جلد بازی میں مکمل کرنا چاہتی ہے، اعلی عدلیہ کی جانب سے ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر سماعت یا جلد مکمل کرنے کی کوئی ہدایت نہیں۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ جلد بازی میں ٹرائل آگے بڑھانے سے بنیادی آ ئینی حقوق متاثر ہوں گے، مرکزی ثبوت سائفر ٹیلی گراف کی عدم موجودگی میں ٹرائل آگے نہیں بڑھایا جا سکتا، آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کا 23 اکتوبر کا آرڈر کالعدم قرار دیا جائے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں