الخدمت کے تحت غزہ متاثرین کیلئے امدادی سامان کی کھیپ مصر روانہ

غزہ میں پیدا ہونیوالی صورتحال کے فوراً بعد سے میدان عمل میں ہیں، صدر الخدمت فاؤنڈیشن

غزہ کی تعمیر نو اور بحالی کے لیے بھی بڑے منصوبے کی ضرورت ہوگی، جس کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا
لاہور: الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت غزہ متاثرین کیلئے چارٹرڈ طیارے کارگو بوئنگ 474کے ذریعے امدادی سامان مصر کے العریش ائرپورٹ روانہ کردیا گیا۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے تعاون سے غذائی اجناس،ادویات، ڈلیوری کٹس اور بے بی کٹس اور دیگر سامان پر مشتمل امدادی کھیپ روانہ کی گئی ہے۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمنٰ نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اس وقت 5 طیاروں کامزید امدادی سامان بھیجنے کی پوزیشن میں ہے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر محمد عبد الشکور اس وقت مصر میں ہیں، جہاں وہ غزہ تک امداد پہنچانے کے لیے ممکنہ ذرائع کے حوالے سے سرکاری و رفاہی اداروں سے مشاروت کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن غزہ میں پیدا ہونے والی صورتحال کے فوراَ بعد سے میدان عمل میں ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن غزہ میں بین الاقوامی رفاہی اداروں کے تعاون سے متاثرین تک مدد پہنچا رہی ہے۔ پاکستان سے ایس او پیز کے مطابق امدادی سامان بھجوانے کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ اس وقت تاریخ کے بد ترین دور سے گزر رہا ہے۔ اتنے بڑے نقصان کے بعد غزہ کی تعمیر نو اور بحالی کے لیے بھی بڑے منصوبے کی ضرورت ہوگی۔ جس کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں