دہشتگردی کے باعث الیکشن ملتوی نہیں ہو سکتا، ادارے سکیورٹی یقینی بنائیں، رانا ثناء اللہ

ان شاء اللہ ن لیگ الیکشن میں اکثریت حاصل کریگی، ہم پنجاب سے 100 سے زائد سیٹیں حاصل کرنے جا رہے ہیں-

جس دن الیکشن شیڈول کا اعلان ہوگا اس دن امیدواروں کے ناموں کا اعلان بھی ہو جائے گا،سابق وفاقی وزیر داخلہ
لاہور: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ دہشتگردی کی وجہ سے الیکشن ملتوی نہیں کیا جا سکتا، قانون نافذ کرنے والے ادارے الیکشن میں سکیورٹی کو یقینی بنائیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دہشتگردی کے خطرات تو ہیں، یہ خطرات پہلے بھی تھے، نگران حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ دہشتگردی کا خاتمہ کرے، اللہ سب کو محفوظ رکھے اور الیکشن خیر خیریت سے ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہم مضبوط امیدوار لے کر آ رہے ہیں، ساؤتھ پنجاب میں سیاسی پارٹیوں کی اتنی گرفت نہیں ہے، الیکشن کے حوالے سے ہمارا کام مکمل ہے، آج ہم نے ڈیرہ غازی خان ڈویژن مکمل کیا ہے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ الیکشن شیڈول کا اعلان الیکشن سے 54 دن پہلے ہوتا ہے، اگر الیکشن شیڈول کا اعلان 15 یا 16 دسمبر تک ہو جائے تو یہ بہتر ہے، جس دن الیکشن شیڈول کا اعلان ہوگا اس دن امیدواروں کے ناموں کا اعلان بھی ہو جائے گا۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عدالتیں موجود ہیں، کسی کے ساتھ کوئی نا انصافی یا تجاوز ہوتا ہے تو وہ رابطہ کرے، بلاول بھٹو زرداری صاحب کہہ رہے ہیں کہ میں فلاں کی سیاست نہیں کرتا، اس سے پہلے جو ہوتا رہا ہے وہ دنیا کو معلوم ہے، ہم پنجاب میں کسی سے الیکشن الائنس نہیں کر رہے، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے ہمارے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ 2013ء کی طرح اگر کوئی دس، پندرہ یا بیس سیٹیں لے بھی جائے تو کیا فرق پڑتا ہے، ان شاء اللہ ن لیگ الیکشن میں اکثریت حاصل کرے گی، ہم پنجاب سے 100 سے زائد سیٹیں حاصل کرنے جا رہے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں